تازہ ترین

عارضی ملازمین کی تنخواہیں روکے رکھنا تشویشناک: نیشنل کانفرنس

تاریخ    18 اپریل 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر// نیشنل کانفرنس نے مختلف محکموں میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی تنخواہیں واگذار نہ کئے جانے پر زبردست تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باقاعدگی کیساتھ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا حکومت کا فرض ہے تاکہ ان ملازمین کو اپنے کنبوں کی کفالت میں کسی بھی قسم کی مشکل نہ آئے۔ پارٹی کے معاون ترجمان سارا حیات شاہ نے ایک بیان میں مختلف محکموں کے عارضی ملازمین خصوصاً پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی حالت زار پر زبردست تشویش کا اظہار ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں روکے رکھنا انتہائی افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ملازمین میں سے بیشتر ایسے ہیں جو کورونا وائرس سے پیدا شدہ چیلنجوں کے بیچ زمینی سطح پر کام کررہے ہیں۔اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ یہ ملازمین خطرات کو نظرانداز کرکے لوگوں کے لئے موثر سہولیات کو برقرار رکھنے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ، انہیں اضافی مراعات دیئے جانے چاہئیں۔لیکن افسوس اس بات ہے اضافی مراعات تو دور کی بات حکومت ان عارضی ملازمین کو اپنی ماہانہ تنخواہوں سے بھی محروم رکھ رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عارضی ملازمین کیلئے حکومت نے 6700روپے ماہانہ تعین کیا ہے لیکن ان عارضی ملازمین کو اس کا نصف بھی مشکل سے ہی ملتا ہے ا ور اس کیلئے بھی کئی کئی ماہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سارا حیات شاہ نے کہا کہ ایک ایسے دور میں جب چوبیسوں گھنٹے حکومتی حکمناموں کی اجرائی جاری ہے،ڈیلی ویجروں، کنٹریکچول اور کیجول لیبروں کی مستقلی میں کون سی چیز آڑے آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت پر تنخواہوں کی واگذاری نہ کرنے سے ان عارضی ملازمین کو مزید پشت بہ دار کیا جارہا ہے۔ تنخواہوں کی عدم فراہمی کی وجہ ہے یہ ملازمین بہت زیادہ ذہنی تنائو کے شکار ہوگئے ہیں کیونکہ انہیں اپنے کنبوں کی کفالت میں بہت زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تنخواہوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ ملازمین قرضوں تلے دب گئے ہیں اور بیشتر نانہ شبینہ کے محتاج ہونے کی دہلیز پر پہنچ گئے ہیں۔ سارا حیات شاہ نے کہا کہ حکومت پر لوگوں کی دیکھ ریکھ کا بھی فرض بنتا ہے جن کا روزگار مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ حکومت اس جانب خصوصی توجہ دیگی اور ملازمین کی تنخواہوں کی فوری وگذاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔