لیفٹنٹ گورنر کی صدارت میں انتظامی کونسل کی میٹنگ کا انعقاد

ڈل اور نگین جھیلوں کیلئے ہاوس بوٹ پالیسی کومنظوری

تاریخ    9 اپریل 2020 (22 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹنٹ گورنر گریش چندر مرمو کی صدارت میں منعقدہ انتظامی کونسل کی میٹنگ میں ڈل اور نگین جھیلوں میں ہاوس بوٹوں کی رجسٹریشن کیلئے پالیسی رہنما خطوط کو منظوری دی گئی ۔ انتظامی کونسل کی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ رہنما خطوط کو ڈل کے تحفظ کیلئے لاوڈا کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبے کے تحت تیار کیا جانا چاہیے ۔ اس فیصلے سے دونوں جھیلوں میں ہاوس بوٹوں کے کام کاج میں معقولیت لانے اور پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جھیلوں کو آلودگی سے بچانے میں مدد ملے گی ۔ ہائی کورٹ کے احکامات اور ڈل و نگین جھیلوں کیلئے تشکیل دی گئی ماہرین کی کمیٹی کی تجویزوں کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ لیا ہے ۔ رہنما خطوط کے تحت ہاوس بوٹ مالکان چند شرائط و ضوابط کو پورا کرنے کے بعد اپنے ہاوس بوٹوں کی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں ۔ ان رہنما خطوط کے مطابق اس مقصد کیلئے ناظمِ سیاحت کشمیر کی سربراہی میں ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دینے کیلئے کہا گیا ہے ۔ پالیسی رہنما خطوط کے مطابق جھیل ڈل یا جھیل نگین میں کسی بھی نئے ہاوس بوٹ کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ رہنما خطوط میں ہاوس بوٹوں میں دستیاب سہولیات کی بنیاد پر ان کی زمرہ بندی بھی کی جائے گی ۔ 
 
 
 

بیروزگارانجینئروں کوسکل ٹریننگ

جموں کشمیر میں دو مراکز قائم کئے جائیں گے

جموں//لیفٹنٹ گورنر جی سی مرمو کی صدارت میں منعقدہ انتظامی کونسل کی میٹنگ میں جموں و کشمیر میں انونشن ، انوویشن ، انکیوویشن اینڈ ٹریننگ کے دو مراکز قائم کرنے کو منظوری دی گئی ہے ۔ یہ فیصلہ تکنیکی تعلیم میں معیاری بہتری لانے اور صنعت و تدریس کی شراکتداری کو مضبوط بنانے کیلئے لیا گیا ہے ۔ کشمیر صوبے میں یہ مرکز گورنمنٹ پالی ٹیکنک بارہمولہ میں قائم کیا جائے گا جبکہ جموں صوبے میں اس مرکز کے قیام کیلئے عنقریب جگہ کی نشاندہی کی جائے گی ۔ اس فیصلے کا مقصد انجینئرنگ کالجوں ، پالی ٹیکنک کالجوں اور صنعتی تربیتی مراکز کے طالب علموں کے علاوہ بیروز گار انجینئروں کو سکل ٹریننگ فراہم کرنا ہے ۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے ٹاٹا ٹیکنالوجی نے 18 کورسز متعارف کرنے کی تجویز دی ہے اور اس میں ہر سال 2880 طالب علموں کے داخلے کی گنجائش ہو گی ۔
 

تازہ ترین