کووِڈ۔19کی روکتھام | شادی بیاہ اور مذہبی تقریبات ملتوی کرنے پرزور

لیفٹنٹ گورنرکے مشیربصیراحمدخان نے کوششوں کاجائزہ لیا

تاریخ    8 اپریل 2020 (50 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان جو کشمیر صوبے کے کورونا وائرس کنٹرول کے کلہم انچارج بھی ہے نے ایک میٹنگ کے دوران مختلف محکموں کی طرف سے کووِڈ۔19کے پھیلائو کو روکنے کے سلسلے میں کی جارہی کوششوں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج شیتل نندا ، ایم ڈی این ایچ ایم ڈاکٹربھوپندر کمار و دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ، صوبہ کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنروں ، ڈائریکٹر محکمہ خوراک کشمیر و دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران کووِڈ ۔ 19مریضوں ، کورنٹین اور آئیسولیشن مراکز ، بیرونی ریاست مزدوروں ، بزرگوں اور جسمانی طور ناخیز افراد کے لئے ہیلپ لائین نمبرات ،راشن ، ادویات و دیگر اشیائے ضروریہ کی سپلائی و دیگر اہم معاملات پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔میٹنگ کے دوران مشیر موصوف نے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ممبران ، سرپنچوں اور پنچوں کو ہدایت دی کہ وہ دیگر محکموں کے ساتھ اشتراک کر کے گھر گھر جا کر کووِڈ۔19سے متاثرہ افراد کی سروے منعقد کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ جن علاقوں کو اِنتظامیہ کی طرف ریڈ زون قرار دیا گیا ہے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہیئے ۔مشیر موصوف نے کہا کہ صحت محکمہ کے افسران کو چاہیئے کہ وہ کووِڈ۔19 سے متاثرہ افراد کی فوری رپورٹنگ اور منتقلی یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ بنیادوں پر ریڈ زون علاقوں کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی سینٹیشن اور فیومگیشن مہم جاری رکھیں ۔بصیر خان نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیاکہ کسی بھی جگہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگائی جائے اور شادی بیاہ و دیگر مذہبی اجتماعات کو ملتوی کیا جائے۔متعلقہ ڈپٹی کمشنروں نے مشیر موصوف کو بتایا کہ اُن کے اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں ہے اور تمام اضلاع میں لاک ڈاون پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ادویات کے علاوہ ماسکس کا بھی وافر مقدار میں سٹاک موجود ہے ۔
 

تازہ ترین