تازہ ترین

اگلے چند روز اہم، تلاش اور جانچ میں تیزی لائی جائے

ریاستوں اور مرکزی زیر اِنتظام علاقوں کو ہنگامی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت

تاریخ    6 اپریل 2020 (41 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں///مرکزی کابینہ سیکریٹری راجیو گابا نے تمام ریاستوں اور یوٹیز سے کہا  ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے نمٹنے کیلئے اُن کی حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر کنٹینمنٹ پلان تیار کریں اور زمینی سطح پر اِس کی موثر عمل آوری کو بھی یقینی بنائیں ۔کابینہ سیکریٹری اتوار کو ریاستوںکے چیف سیکریٹریوں کے علاوہ دیگر افسروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کر رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ اگلے چند روز ہم سب کے لئے اہمیت کے حامل ہے اور ہمیں تمام وسائل بروئے کار لا کر کووِڈمخالف اقدامات کو تقویت بخشنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹر سرویلنس ٹیمیں اور ریپیڈ ریسپانس ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہونے چاہئے تاکہ وقت ضائع کئے بغیر مشتبہ شخص کی نشاندہی ہوسکے اور اُس کی جانچ کی جاسکے۔ کابینہ سیکریٹری نے ریاستوں اور یوٹیز سے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے مریضوں کی صحت کا وضع کئے گئے پروٹوکال کے مطابق دیکھ ریکھ کریں۔ اُنہوں نے ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ کے عمل میں تیزی لانے اور لوگوں کو آئیسولیشن اور کورنٹین میں رکھنے کی ہدایات دیں تاکہ زیادہ لوگ وائرس کے شکار نہ بن جائیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانچ کو ترجیح دی جانی چاہئے اور ایسا ایکشن پلان کو سنجیدگی کے ساتھ عملانے سے ہی کیا جاسکتا ہے۔کابینہ سیکریٹری نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ریاستوں اور یوٹیز کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ضرورت پڑنے پر مزید مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ملک میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کابینہ سیکریٹری نے ریاستوں اور یوٹیز میں اپنی اپنی ریاستوں کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک کنٹینمنٹ منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کووِڈ ۔19کا مقابلہ کرنے کیلئے وقت پر اقدامات کئے جائیں ۔اُنہوں نے کہاکہ اِس وقت اگلی سطح کی تیاریاں کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ لاک ڈاون کی مدت ہمیں موثر طریقے پر کارروائی کرنے اور کسی بھی امکانی صورتحال کا مقابلہ کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے۔کابینہ سیکریٹری نے صورتحال پر قابوپانے میں ضلع کلیکٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے ضلعوں میں موثر منصوبہ بندی اور عمل آوری کو یقینی بنائیں تاکہ وائرس کے پھیلائوکو روکا جاسکے۔