تازہ ترین

سرینگر سینی ٹائز کرنے کیلئے ہائی ٹیک مشینری کا استعمال کررہی ہے:کمشنر ایس ایم سی

تاریخ    5 اپریل 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//کمشنر سر ینگر میونسپل کارپوریشن غضنفر علی نے کہا کہ ایس ایم سی سرینگر شہر کو سینی ٹائز کرنے کے لئے ہائی ٹیک مشینری اور ڈرونز کا استعمال کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ کارپوریشن نے ایک کونسل میٹنگ کے انعقاد کے بعد افرادی ومشینری قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے زبردست مہم شروع کی ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں ایس ایم سی میئر جنید عظیم متو نے ایک میٹنگ طلب کی جہاں ضروری کیمیکلز اور مشینر ی کی حصولیابی کے بارے میں اہم فیصلہ جات لئے گئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ساری مشینری اِنڈین ائیر فورس کے تعاون سے لائی گئی جبکہ تحفظ کیلئے باڈی سوٹ ، دستانے ، ماسکس ، عینک اور سینٹائز کی دستیابی بھی فوری طور عمل میں لائی گئی ۔اُنہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وَبا کو روکنے کے لئے 150 شولڈر مائوٹیڈ سپرے مشینوں کا انتظام بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر سپرے مشینوں کے مؤثر استعمال سینٹائزیشن عمل جاری رکھی جارہی ہے۔کمشنر موصوف نے کہا کہ کارنٹینری امونیم کمائونڈ ( QAC) اور سوڈیم ہائیپوپلورائیڈ بھاری تعداد میں حاصل کیا گیا جس کی بدولت شہر کے ہسپتالوں ، گلیوں ، محلوں اور دیگر علاقوں کی سینٹیشن کا عمل جاری رکھا گیا ۔غضنفر علی نے کہاکہ کورونا وائرس ( کووِڈ ۔19) کا مقابلہ کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن کے ورکر وں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانا اِنتہائی ضروری تھا ۔اِس سلسلے میں اِن لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام آلات استعمال میں لائے جارہے ہیں۔دریں اثنا چند گنجان آبادی والے علاقوں میں صحت وصفائی یقینی بنانے کے لئے ایس ایم سی نے ڈرونوں کے کیو اے سی کیمیکل کا چھڑکائو کیا۔