غزلیات

تاریخ    29 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   


قرارِ عشق کی رسمیں نبھا کر دیکھ لیتا ہوں
دلِ ناداں کو دیوانہ بنا کر دیکھ لیتا ہوں
 
خطا کاروں کو کس طرح نہیں ملتی تیری جنت
تیرے دربار میں آنسو بہا کر دیکھ لیتا ہوں
 
کرم تیرا کہ اے اللہ میں اک خاک کا پتلا
تیرے سنسار کو نظریں اٹھا کر دیکھ لیتا ہوں
 
یہ کارِ دوجہاں آباد ہے تیری مشیت سے
میں ناداں ہوں جو قسمت آزما کر دیکھ لیتا ہوں
 
تیری ہی کارسازی کے تو یہ سارے کرشمے ہیں
کہ میں فولاد گردوں میں اُڑا کر دیکھ لیتا ہوں
 
اے اللہ عشق میں آفاقؔ کا انجام کیا ہوگا؟
تیرے ہی واسطے ہستی مٹا کر دیکھ لیتا ہوں
 
آفاق دلنوی
دلنہ بارہمولہ کشمیر
موبائل نمبر؛ 700608727
 
 
محفل سجی ہے آج بڑے اہتمام سے
لیکن گریز پا ہوا دل دھوم دھام سے
 
کیوں آج اس بہار میں دل کو نہیں سکوں
کیوں آج دل دہلتا ہے ساقی و جام سے
 
اپنی نظر میں آپ ہی رسوا ہوئے ہیں ہم
دنیا پکارتی ہے مگر احترام سے
 
دے کر کے ہر خوشی مجھے جاں سے گزر گئی
آنکھیں ہیں اشکبار مری پچھلی شام سے
 
 مرتا ہے کوئی، تو مرے! دنیا کو اس سے کیا؟
فرصت نہیں کسی کو یہاں اپنے کام سے
 
اس بے دلی کے پیار سے اب بھر چکا ہے دل
میں تنگ آچکا ہوں جہاں کے نظام سے
 
جائے گا سب سے دور یہ بسملؔ بھی ایک دن
سب بھاگتے ہیں کیوں ابھی بسملؔ کے نام سے
 
پریم ناتھ بسملؔ
مرادپور، مہوا، ویشالی۔ بہار
رابطہ۔8340505230
 
 
دیکھا جو اُس نے تاک کر پتھر پگھل گئے
کوہ ودمن کی بات کیا، دریا بھی جل گئے
 
چلتی تھی ایک سمت میں موجِ کرب سدا
آئی پلٹ کے آج وہ، جب ہم سنبھل گئے
 
آئی نہ عمر بھر کی سیاحت بھی میرے کام
سیکھی جو میں نے رہ روی، رستے بدل گئے
 
یکجا تھے ہم تو میں بھی تھا اپنے قریب ہی
خُود سے بچھڑ کے رہ گیا، جب وہ نکل گئے
 
ہیں نقش اُن پہ آپ کی یادوں کے کچھ نشان
صدیاں گزر گئیں مگر لمحے نہ ٹل گئے
 
پیدا نہ پھر ہوا کبھی اُس شام کا سماں
ماہ و نجوم بُجھ گئے یا ہم بدل گئے
 
یوسف نیرنگؔ
موبائل نمبر؛9419105051
 
کیسے اجگر سے مقدر نے ڈسایا مجھ کو
ہائے کس جال میں ظالم نے پھنسایا مجھ کو
 
تھا میں خوشحال و شاداب فلک کا طائر
اپنی لغزش نے خرابے میں بسایا مجھ کو
 
ہوں میں نایاب بہت سب کو کہاں ملتا ہوں
آپ خوش بخت ہو دنیا میں جو پایا مجھ کو
 
تھا اُسے خوف کہ کھوئے نہ صدف سے موتی
جس نے آنکھوں کے سمندر میں چھپایا مجھ کو
 
یاں تو آنسوں ہیں، جُدائی ہے اور تنہائی 
کیسی دھرتی پہ یہ مالک میرے لایا مجھ کو
 
خوامخواہ ہی ہے فلکؔ جی کو یہاں بھیجا 
تیری دنیا میں تو رہنا نہیں آیا مجھ کو
 
فلک ریاض
حسینی کالونی، چتھرگام،بڈگام
موبائل نمبر؛6005513109
 

تازہ ترین