تازہ ترین

کورونا مخالف جنگ

گاندھی نگر ہسپتال میں 200 اضافی قارنطین بسترے تیار: اٹل ڈولو

تاریخ    28 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   


جموں//صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈولو نے جمعہ کو کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں کورو ناوائرس کیسوں کا علاج و معالجہ کی سہولیات میں اضافہ کرنے کیلئے اضافی آئسو لیشن کمرے اور وارڈ کھولے جا رہے ہیں اس کے علاوہ ان ہسپتالوں میں انٹیسو کئیر یونٹ بستروں کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے ۔ ان باتوں کا اظہار فائنانشل کمشنر نے  گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر جموں کے دورے کے دوران کیا ۔ فائنانشل کمشنر نے اس موقعہ پر ہسپتال کے نئے بلاک پر جاری کام کا بھی جائیزہ لیا جسے خصوصی طور پر کووڈ 19 مریضوں کے علاج و معالجے کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ گاندھی نگر ہسپتال میں تعمیر کئے جا رہے نئے بلاک میں 200 آئسو لیشن بستروں کی گنجائش رکھی گئی ہے اس کے علاوہ ہسپتال میں کووڈ 19 مریضوں کیلئے پہلے ہی 90 آئسو لیشن بسترے تیار رکھے گئے ہیں جن میں معصوم بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے بھی سہولیات بہم رکھی گئی ہیں  ۔ ہسپتال کے دورے کے دوران ایف سی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آپسی اشتراک کے ساتھ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کریں تا کہ چند دنوں کے اندر 200 بستروں والے آئسو لیشن بلاک کی تعمیر مکمل ہو ۔ گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ساتھ وابستہ دیگر ہسپتالوں میں آئسو لیشن سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ افسروں کی ایک میٹنگ میں حال ہی میں لیا گیا تھا ۔ حکومت نے غیر ضروری جراحی و دیگر علاج و معالجہ کے کام فی الحال معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تا کہ ان ہسپتالوں میں کووڈ 19 مریضوں کیلئے وافر مقدار میں سہولیات اور گنجائش پیدا کی جا سکے ۔ ایف سی نے کہا چونکہ حکومت کو جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں کورنٹین اور آئسو لیشن سہولیات کے علاوہ دیگر محلق بیماریوں کیلئے سہولیات میں اضافہ کرنا ہے اس مقصد کیلئے حکومت نے گاندھی نگر ہسپتال ، چسٹ ڈزیز ہسپتال اور سائیکیٹرک ہسپتال جموں کو مکمل طور پر کووڈ 19 مریضوںکیلئے مخصوص رکھا ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ دیگر نازک مریضوں کی طبی نگہداشت کو دیگر ہسپتالوں میں جاری رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چسٹ دزیز ہسپتال اور سائیکیٹرک ہسپتال جموں کے مریضوںکو سُپر سپیشلٹی ہسپتال اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے ۔ ایف سی کے دورے کے دوران افسران نے انہیں بتایا کہ محکمہ تعمیراتِ عامہ اور اُن سے منسلک دیگر محکمے گاندھی نگر ہسپتال میں 200 بستروں والے بلاک کی تعمیر مکمل کرنے میں تمام کوششیں عمل میں لا رہے ہیں اور یہ بلاک چند دنوں کے اندر مکمل کیا جائے گا ۔ ایف سی کے ہمراہ محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی تھے ۔