تازہ ترین

مہا بھارت جنگ 18روز میں ہوئی

کرونا کیساتھ لڑائی 21دن میں جیتنی ہے:مودی

تاریخ    26 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا  ہے کہ ملک کورونا وائرس کے خلاف ایک بڑی جنگ لڑ رہا ہے اور اس سے ہر حال 21دن میں جیت حاصل کرنی ہے نہیں تو اس سے اتنا نقصان ہوگا جس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ۔ مودی نے آج اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے لوگوں کے ساتھ یہاں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اس میں 21 دن لگنے والے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اسے 21 دن میں جیت لیا جائے ۔ انہوں نے کہا‘‘ جن مشکلات کا سامنا آج ہم کر رہے ہیں، جو مشکلات آج پیش آ رہی ہیں، اس کی عمر فی الحال 21 دن ہی ہے ، لیکن اگر کورونا وائرس کا بحران ختم نہیں ہوا، اس کا پھیلاؤ نہیں رکا تو کتنا زیادہ نقصان ہو سکتا ہے ، اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ہے ’’ ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس جیسی وبا سے نمٹنے کا ابھی واحد طریقہ یہ ہے کہ ہم سماجی فاصلے پر توجہ دیں، گھروں میں رہیں اور آپس میں دوری بنائے رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ منسلک صحیح اور درست معلومات کے لئے حکومت نے واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ ایک ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا ہے جس پر تمام معلومات دستیاب ہے ۔