تازہ ترین

میڈیکل کالج جموں میں آئی بنک کا افتتاح

تاریخ    23 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   


جموں//گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں آئی بنک کا افتتاح کیا۔جدید سہولیات سے لیس اس آئی بنک میں مریضوں کو علاج و معالجہ اور ٹرانسپلانٹ کی سہولیات کے علاوہ کونسلنگ کی سہولت بھی دستیاب رہے گی۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مشیرموصوف نے کہا کہ مذکورہ سہولت کی مدد سے اس ہسپتال میں جدید آپریشن کئے جاسکیں گے اور بینائی سے محروم مریض مستفید ہوں گے۔انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے افسروں کو ہدایات دیں کہ وہ آنکھوں کے عطیے سے متعلق لوگوں میں جانکاری عام کرنے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔ انہوں نے آئی بنک کی زیادہ سے زیادہ تشہیر پر زوردیا۔مشیر موصوف نے ہسپتال میں آنکھوں کے ماڈیولر آپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا اور وہاں طُلباء کے علاوہ ڈاکٹروں اور مریضوں کے ساتھ بات چیت کی۔دریں اثنا مشیر نے جی ایم سی میں ڈیجیٹل میڈیکل لیکچر تھیٹر کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے’’ کریکولم امپلی مینٹیشن سپورٹ پروگرام‘‘ کے موضوع پر مبنی تین روزہ ورکشاپ کا بھی افتتاح کیا جس دوران میڈیکل کالج کی فیکلٹی کو طِب کے مضمون میں جدید تقاضوں کی عمل آوری سے متعلق تربیت دی جائے گی۔اس پروگرام کے دوران مشیر موصوف نے ادارے کے طبی عملے اور میڈیکل کونسل آف انڈیا کے ابزرور کے علاوہ پروگرام کے ماہرین ڈاکٹر اشوک شرما، ڈاکٹر وشال ٹنڈن، ڈاکٹر راجیش شرما، ڈاکٹر رچنا مگوترہ اور ڈاکٹر محمد رزاق کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے پرنسپل اور ڈین ڈاکٹر سنندا رینہ نے پروگرام کے شرکاء، فیکلٹی ممبران اور ایم سی آئی کے مشاہدین کو مبارک باد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ طِب کے مضمون میں جدید تقاضوں کو عملانے کے لئے ایم سی آئی کی تجاویز کے مطابق کوششیں کی جارہی ہیں۔بعد میں مشیر موصوف نے مختلف محکموں کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران جی ایم سی جموں اور اس سے منسلک ہسپتالوں میں ادویات، سازو سامان اور مشینوں کی دستیابی کا جائیزہ لیا۔ میٹنگ میں میڈیکل کالج کے پرنسپل، جے کے میڈیکل سپلائیز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔