محکمہ ٹرانسپورٹ کا اہم فیصلہ | 5فیصد بسیں جسمانی طورناخیز افراد کیلئے مختص

تاریخ    18 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   


نیو ڈسک
سر ی نگر// محکمہ ٹرانسپورٹ نے فیصلہ لیا ہے کہ نئی پبلک ٹرانسپورٹ بسوں میں سے5 فیصد بسوں کو جسمانی طور ناخیز افراد کے لئے مخصوص رکھا جائے گا۔یہ فیصلہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر ڈِس ایبلٹی اقبال لون، منیجنگ ڈائریکٹر بلال احمد، ڈائریکٹر سٹیٹ موٹر گیراجز ذاکر حُسین چوہدری، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر اعجاز عبداللہ، ایڈیشنل سیکرٹری بابو رام، آر ٹی او کشمیر احمد اللہ ٹاک ، کے ایم ڈی اے، ویسٹرن بس سروس، ایسٹرن بس سروس کے نمائندے موجود تھے۔ٹرانسپورٹ کمشنر ایس پی وید، آر ٹی او جموں دھننتر سنگھ نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ٹرانسپورٹ کمشنر ان اقدامات کو آگے لے جانے کے لئے ایکشن پلان تشکیل دیں گے۔ڈاکٹر سامون نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ نجی ٹرانسپورٹروں کیلئے حال ہی میں شرو ع کی گئی سبسڈی سکیم کے تحت5 فیصد بسوں کو جسمانی طور ناخیز افراد کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے لئے رجسٹر کیا جائے۔اس طبقہ کے اقتصادی و سماجی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر سامون نے منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ایس آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ وہ جسمانی طور ناخیز افراد کا خاص خیال رکھیں۔میٹنگ میں محکمہ سماجی بہبود سے کہا گیا کہ وہ جموں اور سرینگر میں جسمانی طور ناخیز افراد کے لئے خصوصی بس کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ٹرانسپورٹ سیکٹر سے وابستہ نجی فرموں سے بھی کہا گیا کہ وہ سی ایس آر کے ایک حصے کے طور پر سماجی طور ناخیز افراد کی سہولیات یقینی بنائیں۔ڈاکٹر سامون نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ این ایچ پی سی، جے اینڈ کے بنک، ایس بی آئی، بی پی، ایچ پی، ٹاٹا، اشوک لے لینڈ ، والؤ اور ایشر کمپنیوں کے ساتھ رابطہ کر کے جسمانی طور افراد کے لئے کم از کم 2 بسوں کا انتظام کریں۔
 
 

تازہ ترین