سیاسی ،علمی و انتظامی شخصیات کی گورنر سے ملاقات

ماحولیات،تعلیم اور دیگر امور زیر بحث لائے گئے

تاریخ    18 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   


نیو ڈسک
سر ی نگر// گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ مختلف سیاسی،انتظامی اور دیگر شخصیات نے ملاقات کی ۔ان شخصیات میں وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر،راکیش جین،نرمل سنگھ،چیئرپرسن نیشنل کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن اورچیئرمین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسزاینڈ ٹیکنالوجی ( ایس کے یو اے ایس ٹی ) کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ پروفیسر نذیر احمد نے یونیورسٹی کے مرکزی اور آف سائٹ کیمپس کی تدریسی اور اِنتظامی سرگرمیوں کے علاوہ خالی پڑی اَسامیوں کو پُر کرنے کی کارروائی کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے یونیورسٹی کے تمام تحقیقی شعبوں میںنتیجہ خیز حصولیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام محاذوں پر بہتری لانے پر زور دیا۔اس دوران  اکھل بھارتیہ سہہ سنیوجک پریا ورن گتی ودی ( آر ایس ایس) راکیش جین نیبھی گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔راکیش جین نے درختوں کو تحفظ فراہم کرنے اور پانی کو بچانے کے ساتھ ساتھ پالتھین مخالف مہم کے تحت ملک بھر میں اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔گورنر نے ماحولیات کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے راکیش جین کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔دریں اثناء ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ ، سابق وزیر شکتی پریہار ، سابق ایم ایل اے دلیپ سنگھ پر مشتمل ایک وفد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر گورنر کے مشیر وِجے کمار اور پولیس سربراہ دلباغ سنگھ بھی موجود تھے۔ وفد نے لوگوں کی سلامتی کو درپیش خطرات، جنگلاتی اراضی پرغیر قانونی تجاوزات اور ڈوڈہ ضلع میں مویشیوں کی سمگلنگ پر تشویش کا اظہار کیا۔وفد نے ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو مستحکم کرنے اور موبائل بنکر تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔گورنر نے وفد کے مطالبات پر مناسب غور کا یقین دلایا۔ دریں اثناء چئیرپرسن نیشنل کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن ڈاکٹر ستبیر بیدی نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر بیدی نے ملک بھر میں تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے سلسلے میں این سی ٹی ای کی طرف سے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔انہوں نے ملک میں تعلیمی اداروں اور اساتذہ کی تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے میں درپیش مشکلات کے بارے میں بھی گورنر کو آگاہ کیا۔گورنر نے طُلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے اساتذہ کو بہتر تربیت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈاکٹر بیدی کو اپنی کاوشیں جاری رکھنے کی تلقین کی۔ چئیرمین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن(کے وی آئی سی) ونے کمار سکسینہ نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ ونے سکسینہ نے دیہی علاقوں میں کھادی اور دیگر دیہی صنعتوں کو ترقی دینے کے سلسلے میں جاری پروگراموں کی پیش رفت کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔ انہوں نے مضبوط دیہی عوام کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہوئے کے وی آئی سی کی کامیابیوں کو یقینی بنانے کے بارے میں بھی گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
 

تازہ ترین