کیپکس بجٹ کی عمل آوری | سکندن نے ہینڈی کرافٹس اور ہینڈ لوم محکموں کی کارکردگی کا جائیزہ لیا

تاریخ    18 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   


نیو ڈسک
سر ینگر// گورنر کے مشیر کے سکندن نے الگ الگ میٹنگوں کے دوران ہینڈی کرافٹس محکمہ، ہینڈی کرافٹس کارپوریشن، ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ اور ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے کیپکس بجٹ برائے سال2018-19 اور2019-20 کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔مشیر موصوف نے اس سلسلے میں ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعے تفصیلی جانکاری حاصل کی۔اس سے قبل ایک جائیزہ میٹنگ میں مشیر کو بتایا گیا کہ ہینڈی کرافٹس محکمہ اور ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے لئے کیپکس بجٹ2019-20 کے تحت839.52 لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ منظور شدہ رقم میں سے340.25 لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں اور جون2019 کے آخر تک10.47 لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کیپکس بجٹ2018-19 کے تحت منظور شدہ 839.52 لاکھ روپے میں سے817.48 لاکھ روپے صرف کئے گئے اور اس طرح97 فیصد کی حصولیابی درج کی گئی۔جے اینڈ کے ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کی ترقی سے متعلق میٹنگ میں بتایا گیا کہ منظور شدہ527.50 لاکھ روپے میں سے سال2018-19 کے دوران کیپکس بجٹ کے تحت ساری رقم خرچ کی جاچکی ہے۔ سال2019-20 کے لئے منظو شدہ152.50 لاکھ روپے میں سے ابھی تک کوئی رقم واگذار نہیں کی گئی ہے۔اس موقعہ پر مشیر موصوف نے مختلف سکیموں کی عمل آوری اور تربیتی اداروں کی کارکردگی کے بارے میں جانکاری طلب کی۔کے سکندن نے مختلف سکیموں کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے اُن کو آپس میں ضم کرنے کی تجویز دی۔میٹنگ میں پیش کی گئی مختلف تجاویز کے تعلق سے بتایا گیا کہ ان پر غور کئے جانے کے بعد ایک منصوبہ تیار کیا جائے گا جو حکومت کو بھیجا جائے گا۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کشمیر ہاٹ سرینگر میں150 لاکھ روپے کی لاگت سے ایک آرٹ گیلری قائم کی جارہی ہے جس کے لئے اب تک75 لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔آرٹزن کریڈیٹ کارڈ سکیم کے تحت300 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں جس میں سے دستکاروں کو روزگار کے وسائل فراہم کرنے کے لئے150 لاکھ روپے واگذار کئے جاچکے ہیں۔مشیر موصوف نے کشمیری دستکاری کو کشمیر کی اقتصادیات کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دستکاری مصنوعات کی برینڈنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کی عمل آوری کا مقصد غریب دستکاروں اور بُنکروں کی آمدن میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقعے پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے دستکاروں اور بُنکروں کا ایک ڈاٹا بیس تیار کرنے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ دستکاروں کے لئے ایک مناسب ماحول پیدا کرنے اور پیداواریت میں اضافہ کرنے کے لئے محکمہ جدید قسم کے کارخانہ قائم کرنے کے علاوہ تربیتی پروگراموں کو مستحکم کر کے ہُنر مند افراد پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے ۔ ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن  کے لئے کیپکس بجٹ کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کے لئے الگ میٹنگ میں کے سکندن کو بتایا گیا کہ سال2018-19 کے لئے منظورشدہ311 لاکھ روپے میں سے280.06 لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ سال2019-20 کے لئے منظور شدہ147 لاکھ روپے میں سے72 لاکھ روپے جون2019 کے آخر تک ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے لئے واگذار کئے گئے ہیں۔اس میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ سال2018-19 کے لئے ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے کیپکس بجٹ کے تحت منظور شدہ رقم میں سے936 لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور سال2019-20 کے لئے881 لاکھ روپے منظور کئے جاچکے ہیں۔میٹنگوں میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس، منیجنگ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس کارپوریشن ، ڈائریکٹر ہینڈ لوم، منیجنگ ڈائریکٹر ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور منصوبہ بندی کے علاوہ صنعت و حرفت محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
 

تازہ ترین