عمر عبداللہ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام سے ملاقی | حلقہ انتخاب بیروہ کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا

تاریخ    18 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   


نیو ڈسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور سابق ممبراسمبلی بیروہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کے ساتھ اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور حلقہ انتخاب بیروہ کے مسائل و مشکلات سے اُن کو آگاہ کیا ۔عمر عبداللہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو بیروہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت اور بجلی کی عدم فراہمی کے بارے میں تفاصیل فراہم کیں اور اُن پر زور دیا کہ حلقہ انتخاب کی آبادی کو پینے کے صاف پانی اور شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے حلقہ انتخاب میں سڑکوں میکڈم بچھانے کے کام کو فوری طور پر ہاتھ میں لینے کی تاکید کی۔ عمر عبداللہ نے کھاگ آری پانتھن روڑ، بیروہ ماگام بڈگام روڑ اور دیگر پروجیکٹوںکے کام میں سرعت لانے اور وقت پر پائے تکمیل پہنچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کے مکمل ہونے سے لوگوںکو بہت راحت پہنچنے گی ۔عمر عبداللہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی توجہ حلقہ انتخاب کے طبی مراکز کی جانب بھی مرکوز کی اور اُن پر زور دیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے کیلئے ہر ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور ساتھ ہی ان مراکز پر ضروری ادویات بھی میسر رکھی جائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ماگام کیلئے ایک Critical Careایمبولنس فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اُن کے ہمراہ سینئر پارٹی لیڈران پروفیسر عبدالمجید متو، تنویر صادق اور ڈاکٹر محمد شفیع تھے۔
 

تازہ ترین