مزید خبریں

تاریخ    22 مئی 2019 (00 : 01 AM)   


نیو ڈسک

ضلع کمشنر بانڈی پورہ نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی کاجائزہ لیا

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے افسران کی ایک میٹنگ میں ضلع میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی اورحصولیابیوں کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ،زیڈ ای او وز اور زیڈ ای پی اووز کے علاوہ دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں محکمہ تعلیم کے مجموعی کام کاج اور سکولوں،خصوصاً دور افتادہ علاقوں کے تعلیمی ادارو ں میںدستیاب بنیادی سہولیات کاجائزہ لیا ۔انہوںنے افسران کو تعلیمی اداروں میں بجلی، پانی،بیت الخلاء اوردیگر لازمی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ترقیاتی کمشنر نے درس وتدریس کے عمل کو طلبأ کے لئے مزید دلچسپ بنانے پر زوردیا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبأ تدریسی عملہ میںشریک ہوسکیں۔ترقیاتی کمشنر نے اساتذہ پر زوردیا کہ وہ طلبأ اوروالدین کے ساتھ ساتھ نشستوں کا اہتمام کریں تاکہ بچوں کو غیر تدریسی سرگرمیوں کی طرف بھی راغب کیاجاسکے۔انہوںنے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس محکمے پر سکولوں میں کھیل کے میدان قائم کرنے پر زوردیا جو اب تک اس سہولیت سے محروم ہیں۔دریں اثنأ ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کے دوران سکولوںمیں ریاستی ومرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا۔
 
 
 

این سی اورپی ڈی پی ایک ہی سکے کے دورُخ

گورنر کے اقدامات تاریخی :شاہین

سرینگر//جنتا دل یونائٹیڈ کے ریاستی صدر جی ایم شاہین نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ایک ہی ترازو میں تولتے ہوئے کہا کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں ان دونوں جماعتوں نے ووٹوں کی جو شرح حاصل کی ہے،وہ اس بات کی عکاس ہے کہ ان جماعتوں کا وجود ریاست میں ختم ہوچکا ہے۔ سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ دونوں جماعتیں ریاست میں اسمبلی انتخابات کرانے کیلئے چلا رہی ہے،تاہم انہوں نے کہا کہ سابق وزراء اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورمحبوبہ مفتی جو وسطی اور جنوبی کشمیر سے میدان میں تھے،کو حالیہ انتخابات نے بے نقاب کیا۔ جی ایم شاہدین نے کہا کہ لوگوں نے دونوں جماعتوں کو واضح انداز میں مسترد کیا ہے،جبکہ دونوں جماعتوں نے اقتدار میں آکر معصوم اور عام لوگوں کو دھوکہ دیااور دونوں حلقہ انتخاب کے لوگوں نے انہیں معقول جواب دیا۔ جی ایم شاہین نے ریاستی گورنر ایس پی ملک کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تاریخی اقدامات اٹھائے،جبکہ ریاست میں منصفانہ بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کے بعد پرامن پارلیمانی انتخابات بھی کرائے۔ انہوں نے ریاست میں کورپشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابق مخلوط سرکار نے جموں کشمیر بنک میں اپنے اقرباء کو تعینات کیااور250نشستیں صرف ایک پارٹی کے یوتھ لیڈر کو ہی دی گئی۔ انہوں نے جیکفیڈ،روشنی اسکیم اور کرکٹ گھوٹالہ جیسے کورپشن کے معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
 
 
 

تحصیل گنڈ کے بازاروں کامعائنہ

قصورواردکانداروں سے1500روپے جرمانہ وصول

غلام نبی رینہ

کنگن//سب ڈویژنل مجسٹریٹ کنگن کی ہدایت پرنائب تحصیلدار کنگن نے فوڈانسپکٹراورپولیس کی ٹیم کے ہمراہگنڈ،کلن ،گگن گیراورریول کے بازاروں کا معائنہ کیااوردکانداروں سے نرخناموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران ٹیم نے کئی جگہوں پر دکانداروں سے گلی سڑی سبزیاں ضائع کیں اورقصورواردکانداروں سے 1500روپے بطورجرمانہ وصول کیا۔نائب تحصیلدارنے دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ نرخ ناموں کودکانوں کے باہرنمایاں طور آویزان رکھیں تاکہ صارفوں کوقیمتوں کے بارے میں جانکاری حاصل ہو۔
 
 
 

محکمہ سماجی بہبود کی حصولیابیاں

ترقیاتی کمشنرگاندربل نے جائزہ لیا

گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل حشمت علی خان نے حکام کی ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں آئی سی ڈی ایس اورسماجی بہبود کے تحت حصولیابیوں کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں سی پی او،پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس ،ڈپٹی سی ای او اوردیگر آفیسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس ،ڈپٹی سی ای اودیگر آفیسرآئی سی ڈی ایس نے ترقیاتی کمشنر کو پروگرام کے تحت مجموعی حصولیابیوں کے بارے میںجانکاری دیتے ہوئے کنورجنس پلان ایم جی نریگاکے تحت آنگن واڑی سینٹروں کی تعمیر میں پیش رفت کو اجاگر کیا۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئی سی ڈی ایس ضلع ایک ’’سٹاپ سینٹر‘‘ کا قیام عمل میںلائے گا جہاں گھریلو رتشدد سے متاثرہ خواتین کی بازآبادکاری کی جائے گی اورانہیں طبی،قانونی ،نفسیاتی اور دیگر امداد ایک ہی چھت تلے فراہم ہوگی۔اس دوران ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسران نے آئی سی ڈی ایس کے پروگراموں اورسکیموں کو اجاگر کیا۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے سماجی بہبود محکمے کی کارکردگی کابھی جائزہ لیا۔
 
 
 

بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں ’ تفہیم قرآن کورس‘ اختتام پذیر

راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے اسلامک اسٹڈیز پروگرام کے تحت دو ہفتوں کا’ تفہیم قرآن کورس‘ منگلوارکو اختتام پذیر ہوا جس میں طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کرکے استفادہ حاصل کیا ۔قرآن چونکہ اللہ تبارک وتعالیٰ کا کلام ہے اس لیے اس سے واقفیت حاصل کرنا ہر ایمان والے کا فرض اوّلین ہے ۔قرآن کی تفہیم کے بغیر ہم قرآن کا حق ادا نہیں کرسکتے ۔ اس ضرورت کے پیش نظر اسلامک اسٹڈیز کے اساتذہ نے اس اہم فریضے کو نبھانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ڈاکٹر نسیم گل اسسٹنٹ پروفیسر اسلامک اسٹڈیز نے اس سلسلے میں بطور ترسیلی محرک کام کیا اور طلبہ وطالبات میں یہ شعور پیدا کرنے کی سعی کی کہ وہ عربی گرایمر ،لفظیات اور اصطلاحات کے علاوہ قران کی روح تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں ۔چنانچہ طلبہ وطالبات نے اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ڈاکٹر نسیم گل نے انھیں کچھ ایسے نئے آسان طریقے سکھائے جنھیں ماہرقرآن ولسانیات نے وضع کیا ہے ۔اس دوہفتے کے کورس میں طلبہ وطالبات میں یہ صلاحیت پیدا ہوگئی کہ وہ یہ بتاسکتے ہیں کہ قرآن پاک کی کل سورتیں کتنی ہیں ،نماز کا حکم کتنی بار آیا ہے اور بلاغت قرآن کیا چیز ہے۔پروگرام کے اختتام پر طلبہ وطالبات اور اساتذہ میںجو اس پروگرام میں شریک رہے، اسناد تقسیم کی گئیں ۔
 
 
 

سوپورمیں 2منشیات فروش گرفتار

سرینگر//شمالی قصبہ سوپورمیں پولیس نے ایک کارروائی عمل میں لاکرنشہ آورادویات کادھندہ کرنے والے 2افرادہلال احمدماگرے ساکن عشہ پیرسوپوراورفیصل احمدڈارساکن خوشحال متوسوپورکوگرفتارکیا گیا۔سوپورپولیس کی ایک ٹیم نے 2مشتبہ افرادکوایک کارروائی کے دوران دھرلیااورتلاشی کے دوران اُنکی تحویل سے بڑی مقدارمیں نشہ آورادویات برآمدکیں ۔دونوں ملزمان کیخلاف ایف آئی آرزیرنمبر 131/2019 زیر دفعہ 8/22این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کیاگیا۔
 
 
 

سبکدوش پولیس اہلکاروں سے ایس ایس پی سوپور کی ملاقات

سوپور//سوپور پولیس نے ضلع پولیس لائنز سوپور میں ریٹائرڈ ہوئے ملازمین کے ساتھ ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں سوپور قصبہ سے تعلق رکھنے والے محکمہ پولیس سے سبکدوش ہوئے ملازمین نے شرکت کی۔ ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران سابق ملازمین نے اپنے مسائل کے بارے میں ایس ایس پی کو آگاہ کیا۔ میٹنگ منعقد کرنے مدعا و مقصد محکمہ پولیس میں کام کر چکے ملازمین کو درپیش مسائل سے جانکاری حاصل کرنا تھا تاکہ اُنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جاسکیں۔ چنانچہ میٹنگ میں اُجاگر کئے گئے مسائل کو ایس ایس پی نے بڑی توجہ کے ساتھ سنا اور اُنہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو وقت مقرر ہ کے اندر اندر حل کرنے کیلئے تمام طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائینگے تاکہ اُنہیں مستقبل میں دقتوں کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔ میٹنگ میں ڈی ایس پی ڈی اے آر ڈی پی ایل سوپور اور دوسرے آفیسران بھی موجود رہے۔
 
 
 
 
 

سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی کادورئہ کپوارہ  

 ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

 کپوارہ//سیکریٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج شتیل نندا نے ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ انشل گارگ کی موجود گی میں دو علیحدہ میٹنگوں کی صدارت کی اور محکمہ دیہی ترقی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ان میٹنگوں کا انعقاد ڈی سی آفس کمپلیکس کپواڑہ میں کیا گیا اور دیہی ترقی کی سکیموں ، ایم جی نریگااور رربن مشن کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائز ہ لیا گیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر پی آر ، ایڈیشنل سیکرٹری ، جے ڈی پلاننگ ، اے سی ڈی کپواڑہ ، سی ای او ، اے ڈی ہینڈی کرافٹس ، بی ڈی اوز و دیگر افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری موصوفہ نے مختلف سکیموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا او رافسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں میں تیزی لانے اور انہیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔
 
 
 
 
 

پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا

مشن ڈائریکٹرنے تربیتی مراکز کی کارکردگی کا جائزہ لیا

 سری نگر//مشن ڈائریکٹر جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن ( جے کے ایس ڈی ایم ) نے پردھان منتری کوشل وِکاس یوجنا ( پی ایم کے وی وائی ۔سٹیٹ کمپونٹ)کے تحت چلائے جارہے تربیتی مراکز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں کشمیر صوبے اور جموں صوبے کے نمائندوں کے علاوہ جے کے ایس ڈی ایم کی ٹیم نے بھی شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشن ڈائریکٹر نے کہا کہ جے کے ایس ڈی ایم کے معرض وجود میں آنے کا مقصد نوجوانوں کو معیاری سکل تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ اُن کے روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوسکے۔
 

دودرہامہ کے ماسٹر غلام محی لدین میر کوصدمہ،فرزندفوت

سیاسی،سماجی ومذہبی جماعتوں کااظہار تعزیت

گاندربل//دودرہامہ کے ماسٹرغلام محی الدین میر کے جوان سال فرزند اعجازمحی الدین کے انتقال پر سیاسی ،سماجی اورمذہبی جماعتوں نے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے۔انہوں نے ماسٹر غلام محی الدین میر کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔مرحوم محکمہ بجلی میں ملازم تھے اورطویل علالت کے بعد منگلوار کو میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ میں انتقال کرگئے۔وہ اپنے پیچھے بیوہ اورچار برس کے بچے کوچھوڑ گئے۔
 
 
 

وادی میں راشن کی کٹوتی بے بنیاد:سنجے صراف

 بلال فرقانی

سرینگر//سرکاری راشن میں کٹوتی کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اہل جے پی کے قومی ترجمان سنجے صراف نے کہا کہ یہ معاملہ مرکزی وزیر خوراک سے اٹھایا گیا ہے۔سرینگر کے ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے صراف نے کہا کہ اصل میں وادی میں2ماہ کا راشن ذخیرہ ہوتا ہے،تاہم سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں سپلائی میں ٹھہرائو آیا ۔انہوں نے کہا کہ راشن کی جو سپلائی باہر سے آتی تھی،اس میں40فیصد امور صارفین،رسدات و عوامی تقسیم کاری کے گوداموں اور60فیصد فوڑ کارپوریشن آف انڈیا کے گوداموں میں ان لوڈ کی جاتی تھی،تاہم اب یہ گاڑیاں صرف ایف سی آئی کے گوداموں میں ہی اتاری جاتی ہیں۔جس سے مزید کنفیویژن پیدا ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ مرکزی وزیر برائے اموور صارفین و عوامی تقسیم کاری رام ولاس پاسوان کی نوٹس میں لایا گیاجبکہ ایف سی آئی بھی سے بھی مطالبہ کیا کہ پہلے رائج تناسب کو ہی برقرار رکھتے ہوئے ایف سی آئی اور امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے گوداموں میںراشن کو اتارا جائے۔مٹن دیلروں اور کمیشن ایجنٹوں کی طرف سے نرخوں کو لیکر ہڑتال پر تبصرہ کرتے ہوئے ایل جے پی کے قومی یوتھ صدر سنجے صراف نے سرکار سے بھی مطالبہ کیا کہ گوشت کی قیمتوں میں مناسب اضافہ کیا جائے،کیونکہ2016میں گوشت کی قیمتیں400روپے مقرر کی گئی تھی،اور تب سے ٹرانسپورٹ چارجز میں جہاں اضافہ ہوا،وہیں منڈیوں کا بائو بھی بدل گیا۔ سنجے صراف نے امرناتھ یاترا کے دوران گھپا تک جانے والی ہیلی کاپٹر سروس میں بہتری لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس ہیلی کاپٹر سروس کی ٹکٹوں کو چور بازاری میں فروخت کرنے کے جو الزامات یاتریوں نے لگائے تھے،اس کو مد نظر رکھتے ہوئے امسال اس نظام کو شفافانہ بنایا جانا چاہے۔
 
 
 
 
 
 
 

حریت (ع)میرواعظ کی خانہ نظربندی پر برہم

پروگرام ناکام بنانے کی کارروائی اور بندشوں کو غیر جمہوری قرار دیا

سرینگر//میرواعظ مولوی محمد فاروق کی برسی پر حریت(ع) نے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی خانہ نظر بندی، شہر میں بندشیں عائد کرنے اور حریت کانفرنس کے پروگرام کو ناکام بنانے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آج پہلا موقعہ نہیں ہے کہ طاقت کے بل پر اس طرح کی بندشوں اور قدغنوں کے سبب پر امن جلسہ خراج عقیدت کو ناکام بنایا گیا بلکہ گزشتہ ایک دہائی سے تسلسل کے ساتھ حکمرانوں کی یہی روش رہی ہے ۔حریت بیان کے مطابق ہر مرحلے پر حریت کانفرنس کی پر امن سرگرمیوں اور جلسہ خراج عقیدت کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی ۔ بیان میں ریاستی انتظامیہ کے اس طرز عمل کو سراسر غیر جمہوری ، غیر اخلاقی اور سیاسی انتقام گیری قرار دیتے ہوئے کہاگیا کہ جہاں پر امن سرگرمیوںپر پابندیاں عائد ہوں ، بات کرنے پر بھی پہرے بٹھائے جاتے ہوں،فاتحہ خوانی پروگراموں کو طاقت کے بل پر ناکام بنا دیا جاتا ہو وہاں جمہوریت اور آزادیٔ اظہاررائے کے دعوے سراب ثابت ہو رہے ہیں ۔ بیان میں ایک بار پھرمیرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور دیگر شہداء کو ان کی ناقابل فراموش قربانیوں کیلئے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ حریت کانفرنس روز اول سے مسائل کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی حامی رہی ہے اورجب تک حکومت ہند اس مسئلہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے مثبت اور نتیجہ خیز اقدامات نہیں کرے گی، خطے میں امن و سلامتی اور تیز تر تعمیر و ترقی کا خواب ہرگز شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
 
 
 

قربانیوں کی حفاظت ہر حال میں لازم:مزاحمتی خیمہ

سرینگر//پیپلز لیگ، محاذآزادی ،اسلامک پولٹکل پارٹی،لبریشن فرنٹ ( آر ) اور پیروان ولایت نے میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کواُن کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں قوم کے لئے ایک اثاثہ ہے جس کی ہر حال میں حفاظت لازم وملزوم ہے۔ پیپلز لیگ کے وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کی ہر حال میں حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اورخواجہ عبد الغنی لون نے اپنی زندگیاں کشمیری قوم کے بہتر سیاسی مستقبل کے لئے وقف کی تھی ۔ محاذآزادی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے دونوں لیڈران کی جدائی کو کشمیر کی مزاحمتی تحریک کیلئے نقصان قرار دیا ۔محاذآزادی کے ترجمان خواجہ محمد یوسف گلکار نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معقول ثبوت ہونے کے باوجود ان ہلاکتوں میں ملوث مجرمین کو ابھی تک قرار واقعی سزا نہیں دی گئی اورنہ ہی حول سانحہ میں ملوث سی آر پی ایف اہلکاروں کے خلاف کوئی کاروائی کی گئی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حول سانحہ میں ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔بیان کے مطابق محاذ آزادی کا ایک اجلاس صدرتنظیم محمد اقبال میرکی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں دونوں رہنمائوں کو اُن کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کیا گیااور سیاسی،سماجی اور اصلاحی زندگی کو اجاگرکرتے ہوئے انکی جدائی کو کشمیر کی مزاحمتی تحریک کیلئے نقصان قرار دیا گیا۔اجلاس میں نائب صدر قطب عالم ،جنرل سیکریٹری جمشید عادل،سیکریٹری ارشاد حسین شاہ اورمنظور احمد نے بھی شرکت کی۔ اسلامک پولٹکل پارٹی کے چیرمین محمد یوسف نقاش نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بات کے لئے وعدہ بند ہیں کہ ہم ان کے مشن کو پُر امن طریقے سے اس کے حتمی انجام تک پہنچائیں گے ۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں ان دونوں قائدین کی خدمات کو فراموش کیا جانا ممکن نہیں ۔  پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان محسن رہنماؤں نے کشمیری قوم کی بھلائی کیلئے اپنے مقدس لہو کاایک ایک قطرہ قربان کردیا اور حق و صداقت پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ایک نئی زندگی بخش دی۔ مولانا نے کہا کہ مرحوم مولوی محمد فاروق نے اپنے آباء و اجداد کی طرح دینی ،سماجی ،فلاحی و سیاسی ذمہ داریاں نبھائیں اور قوم کی دینی فلاحی و سیاسی رہنمائی کرکے مظلوم قوم کی دکھ بری آواز کو عالمی فورموں تک پہنچایا۔
 
 
 

عوام کے تئیں خدمات ناقابل فراموش:ساگر/حکیم یاسین

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اورپیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے میرواعظ کشمیر مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں لیڈران کو اللہ نے سیاسی بصیرت عطا کی تھی اورعوام کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فارو ق ایک مقبول ملی اور سیاسی رہنما تھے اور عوام کوان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق کے قتل اور سانحہ حول میں اُس وقت کے ظالم گورنراور اس وقت کی مرکزی داخلہ وزارت برابر شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تو مرحوم میرواعظ کو سیکورٹی فراہم کرنے میں لیت و لعل کیا گیا اور پھر اُن کی نمازِ جنازہ کے جلوس پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 73لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔ ساگر نے کہا کہ بے شک میر واعظ اور ہمارے درمیان سیاسی اختلافات تھے لیکن ہمارا مقصد اور مشن ایک ہی تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کشمیری قوم کی سربلندی اور معاشی طور خوشحالی کے لئے ساری زندگی جدوجہد کی اور اسی جدوجہد میں اپنی جان عزیز کا نذرانہ پیش کیا۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے میرواعظ مولوی محمد فاروق اورخواجہ عبدالغنی لون کو انکی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم کی مذہبی، سماجی وسیاسی جدوجہد کے تئیں دونوں لیڈران کی قربانیوں اور خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں ان دونوں رہنمائوں کے کارنامے سنہری حروف میں لکھے جائیںگے۔
 
 
 
 

بارہمولہ میں ووٹ شماری کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

بارہمولہ//بارہمولہ پارلیمانی نشست کے لئے چنائو مشاہدنے ڈاک بنگلہ میںمنعقدہ ایک میٹنگ کے دوران 23مئی کوہورہی ووٹ شماری کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔ریٹرننگ آفیسر بارہمولہ پارلیمانی نشست،اے آر اووز، مائیکرو اوبزرورس اورکائونٹنگ اوبزرورس کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر ریٹریننگ آفیسر نے مشاہدین کو ضلع میں ووٹوں گنتی کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے لئے متعلقہ عملے کو پہلے ہی لازمی تربیت دی گئی ہے اوراس سلسلے میں ضلع انتظامیہ نے خصوصی تربیتی سیشنوں کا بھی انعقاد کیا۔انہوںنے مزید کہا کہ کائونٹنگ مراکز میں موبائیل فون کے استعمال کو ممنوع قراردیا گیا ہے اورپورے عملے کو ای سی آئی کے رہنماخطوط پر من وعن عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 
 
 

میلۂ کھیر بھوانی 10جون کو ، صوبائی کمشنر نے انتظامات کا جائزہ لیا

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے وادی بھرمیں 10جون کو منائے جارہے کھیر بھوانی میلے کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ میلہ کھیر بھوانی تلہ مولہ گاندربل،ٹکر کپوارہ،لکٹی پورہ ،اننت ناگ اورمنزگام برانی دیوسر کے مندروں میںمنایا جائے گاجبکہ سب سے بڑا اجتماع گاندربل ضلع میںمنعقد ہوگا۔ان مندروں میں پوجا پاٹ7جون سے12جون تک جاری رہے گی۔میٹنگ کے دوران تلہ مولہ میں شردھالوئوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ـصوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو شردھالوئوں کے لئے بلا خلل بجلی کی سپلائی ،پینے کے پانی،ٹرانسپورٹ،سیکورٹی ،راشن ،طبی سہولیات اور سی سی کیمرے نصب کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ میلے میںریاست اور ریاست سے باہر ہزاروں شردھالوئوں کی شرکت کی امید ہے ،چنانچہ انہیںہر طرح کی لازمی سہولیات بہم رکھنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیں۔
 
 
 

بانڈی پورہ کے اُستاد کی پرُ اسرار ہلاکت

پولیس کی تحقیقات اعلیٰ پیمانے پر جاری
بانڈی پورہ/عازم جان /شیخ پورہ منتری گام کے جواں سال استاد کی جھیل ولر سے لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ مرحوم مشتاق احمد لون 13مئی کو گھر سے چونٹی مولا ہائر سیکنڈری سکول پہنچا ، جہاں وہ دن بھر ڈیوٹی دیتا رہا اور چھٹی کے بعد گھر کی طرف نکلا لیکن گھر واپس نہیں لوٹا۔
 
 
 

روئی کے گالوں سے نجات

ٹنگمرگ کے شہری نے رضاکارانہ طور اپنے سفیدے کاٹ دئے

ٹنگمرگ// روسی سفیدوں کے روئی کے گالوں سے عوام کو نجات دلانے کی خاطر اور حکام کو بیدار کرنے کیلئے شیخ پورہ ٹنگمرگ میں ایک شہری نے رضاکارانہ طور پر اپنے سفیدوں کو کاٹنا شروع کیا۔ نظیر احمد قادری نامی اس شہری نے بتایا کہ انکے علاقے میں جگہ جگہ اس قسم کے  سفیدے موجود ہیں جنہوں نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایس ڈی ایم ٹنگمرگ کو ایک یاداشت کے ذریعے اس علاقے میں ایسی تین بڑی جگہوں کی نشاندہی کی ہے جہاں یہ سفیدے کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ قادری نے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، ایس ڈی ڈی ایم ٹنگمرگ اور تحصیلدار کارہامہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری قوانین کو بروئے کار لاکر ان سفیدوں کو کاٹ کر لوگوں کو جینے کا حق دے دیں۔قادری پیشے سے ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر ہیں۔
 
 
 
 
 

یوم ولادت حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں تقریب 

سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن نے حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ کے یوم ولادت کے موقعہ پر فرزندان اسلام کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی کے لئے دعا کی ۔مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے  حضرت امام حسن المجتبیٰ ؑ کے سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ۔اس موقعہ پر جن دیگر علماء نے اپنے خیالا ت کا اظہار کیا اُن میں سید محمد حسین موسوی، سید یوسف الموسوی ،آغا سید محمد عقیل ،سید کرار علی جعفری جبکہ شعراء کرام میں میر شبیرشامل ہیں۔ آغا سید حسن نے حضرت امام حسن ؑ کی حیات طیبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ائمہ معصومینؑ میں سے حضرت امام حسنؑ زہد و تقویٰ میں اپنی مثال آپ تھے۔
 
 
 
 
 
 
 
 

شوپیان میںانتظامیہ کی کارروائی 

نیوزڈیسک

سرینگر//محکمہ مال ،ایکسائز اور پولیس محکمہ جات سے وابستہ ٹیم نے شوپیان کے کئی علاقوں میں465کنال اراضی پر پھیلی بھنگ کی کاشت تباہ کی ۔یہ خصوصی مہم تحصیل زینہ پورہ کے ملہورہ،وندلینہ اور دیگر دیہات میں گذشتہ ہفتے چلائی گئی ۔انتظامیہ نے بھنگ کی کاشت کرنے والے افراد سے اس عمل سے باز رہنے کی تلقین ی ہے ساتھ ہی پٹواریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان پودوں کو تباہ کریں جو کہ بھنگ کی پیداوار کرتے ہیں۔
 
 
 
 

تازہ ترین