تازہ ترین

گورنرانتظامیہ شہری عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام:بخاری

آوارہ کتوں کی ہڑبونگ ،خستہ حال سڑکوں،بجلی بحران اور گران فروشی سے لوگ پریشان

تاریخ    16 مئی 2019 (00 : 01 AM)   


نیو ڈسک
سرینگر//سرینگر میں بنیادی ضروریات کو جامع مسئلہ قرار دیتے ہوئے سابق وزیر سید الطاف بخاری نے آوارہ کتوں،خستہ سڑکوں،بجلی بحران اور گراں فروشی پر تشویش کا اظہار کیا۔سابق وزیر خزانہ سید الطاف بخاری نے گورنر انتظامیہ پر شہر سرینگر میں عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے پر زور دیتے ہوئے لوگوں کے مسائل کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا’’ رمضان کے مقدس مہینے میں عام طور پر انتظامیہ کے متحرک ہونے کی توقع شہریوں کو ہوتی ہے،تاہم شہری عوام خستہ حال سڑکوں،بجلی کی آوجاہی،پانی کی قلت اور بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے نتیجے میں سخت پریشان ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایسا نظر آرہا ہے کہ سرینگر مونسپل کارپوریشن بھی نیند سے بیدار ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے کیونکہ آوارہ کتوں نے شہر کی سڑکوں پر ڈھیرہ جما رکھا ہے۔ سابق وزیر نے کہا’’ بزرگ شہری اور اسکول جانے والے ننھے طلاب آوارہ کتوں کے خوف سے خطرے میں ہیںجبکہ شام اور صبح کے وقت شہر کی سڑکوں پر لاتعداد کتوں کی موجودگی بھی لوگوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیںاور وہ مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر کی سڑکوں پر کتوں کی بڑھتی  تعداد کو قابو کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہے۔ سید الطاف بخاری نے شہر میں بجلی کی ابتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کی آمد سے وادی بالخصوص شہر میں بجلی کی کٹوتی اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے تذبذب میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا’’سحری اور افطار کے وقت بجلی کی آوجاہی نے لوگوں کو پریشانیوں میں مبتلا کر رکھا ہے،جبکہ بازاروں میں بنیادی اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے مختلف اضلاع کی انتظامیہ نے کمیٹیوں کی تشکیل کے باوجودلوگوں کو اضافی قیمتوں پر بنیادی اشیاء خریدنے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے کیونکہ زمینی سطح پر جامع اور موثر نظام موجود نہیں ہے۔ سابق وزیر نے بنیادی اشیاء بشمول سبزیوں،میوہ جات اور رمضان المبارک کے مخصوص اشیاء کی قیمتوں سے متعلق نرخ نامہ منظر عام پر لانے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ان نرخ ناموں کو بازاروں،دکانوں اور دیگر اہم جگہوں پر مشتہر کیا جانا چاہے۔ سید الطاف بخاری نے شہر بالخصوص چھانہ پورہ،مہجور نگر،نٹی پورہ،نائک باغ،عید گاہ،نور باغ،فردوس آباد،بال گارڈن،نند ریشی کالونی بمنہ،شالہ ٹینگ،سونہ وار اور دیگر علاقوں کی سڑکوں کی ابتر صورتحال پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا’’ ماہ رمضان کے ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود خستہ حال سڑکوں،بجلی کی آوجاہی،پانی کی قلت اور بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے،جیسے مسائل گورنر انتظامیہ حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے‘‘۔بخاری نے انتظامیہ کو شہر بالخصوص زیارت گاہوں اور معروف مساجد کے گر نواح پر پارکنگ مقامات دستیاب رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سٹریٹ لائٹس کی مرمت کرنے پر بھی زور دیا۔