چلہ کلان کے رخصتی کے ایام

پہلگام میں پارہ 11.8تک گر گیا

تاریخ    29 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر // سردیوں کے 40 دن کے سخت ترین مرحلے چلہ کلان کے ابھی دو روز باقی ہیں، لیکن رخصتی کے آخری ایام میں وادی بھر میں درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ پہلگام اور گلمرگ میں شدید سردی پڑ رہی ہے جبکہ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے 40روزہ چلہ کلان کے آخرتک جموں وکشمیرمیں موسم مجموعی طورپرخشک رہنے کاامکان ظاہر کیا ہے ۔ جمعہ کے روز سرینگر سمیت پوری وادی میں اچھی خاصی دھوپ نکلی ،جس سے لوگوںکوسردی کی شدت سے قدرے راحت ملی تاہم جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6، پہلگام میں منفی 11.8اور گلمرگ میں منفی 10.4ڈگری سیلسییش ریکارڈ کیا گیا ۔وادی کے دیگر سبھی علاقوں میں بھی درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا گیا۔اُدھر دراس کرگل میں جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات درجہ حرارت منفی 28.8تھا، جو اس سیزن میں سب سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لیہہ میں منفی 17.2اور کرگل میں منفی21.4ریکارڈکیاگیا۔جموں شہر میں جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات درجہ حرارت 4.7، کٹرہ 4.5، بٹوت0.5، بانہال 2.8اور بھدرواہ منفی 2.6ریکارڈکیاگیا۔ 
 
 
 
 
 
 
 

تازہ ترین