تازہ ترین

اگلے 10روز میں وادی کو اضافی 160میگاواٹ بجلی فراہم ہو گی :محکمہ بجلی

تاریخ    28 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر //محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ380کلو میٹر لمبی400کے وی سانبہ امرگڑھ ٹرانسمیشن لائن کے تباہ ہوئے ٹاور کی مرمت کاکام 31جنوری کو مکمل ہو گا۔محکمہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آئندہ10 روز کے دوران وادی میں 160میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا جس سے کسی حد تک بجلی سپلائی میں بہتری آئے گی ۔کپواڑہ ، بارہمولہ ، سوپور پٹن ، کرناہ ، بانڈی پورہ اور شمالی کشمیر کے دیگر علاقوں میں بجلی کئی کئی گھنٹوں تک گل رہتی ہے۔ نان میٹر علاقوں کیلئے اگرچہ محکمہ نے 7 گھنٹے بجلی اعلانیہ طور پر بند رکھنے کیلئے کٹوتی شیڈول جاری کیا ہے، البتہ لوگوں کا کہنا ہے کہ غیر ضروری طور پر اس سے زیادہ بجلی بند رکھی جاتی ہے۔تھنہ منڈی راجوری میں سانبہ امر گڑھ ٹرانسمیشن لائن کا جو ٹاور سڑک کی کٹائی کے دوران تباہ ہوا تھا، اس کے بعد وادی میں بجلی سپلائی میں کمی ہونے کا امکان تھا ،لیکن محکمہ نے اندرونی سسٹم میں بہتری لائی اور اس کمی کو نہیں ہونے دیا ۔محکمہ بجلی کے سسٹم اینڈ آپریشن ونگ کے چیف انجینئر قاضی حشمت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تھنہ منڈی میں بجلی ٹاور کے نقصان کے بعد اس پر کام شروع کیا گیا ہے اور متعلقہ کمپنی نے اس کی مرمت کیلئے 31جنوری کا وقت مانگا ہے ،تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ ٹاور کی مرمت اس سے قبل ہی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی کوشش ہے کہ بجلی سپلائی کو بہتر بنایا جائے اور اضافی بجلی کے حوالے سے بھی محکمہ شدو مد سے کام کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے 10روز میں میر بازار گرڈ سٹیشن کی تنصیف کا کام مکمل کر کے وادی کو مزید 160میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جائے گی ۔