تازہ ترین

کاشتکاروں کو جدید ترین تکنیکی معلومات فراہم کی جائیں :ناظم باغبانی

تاریخ    12 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر //کاشتکاروں کو جدید ترین تکنیکی معلومات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر جنرل نے ماتحت عملہ پر زور دیا کہ وہ ہر ایک علاقے میں جانکاری کیمپوں کا انعقاد کریں ۔ محکمہ کے کام کاج اور محکمانہ اسکیموں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈائریکٹر جنرل باغبانی کشمیر اعجاز احمد بٹ نے منگل کوراجباغ دفتر میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے تمام محکمانہ اسکیموں جس میں پردھان منتری ڈیولپمنٹ پروگرام ، ایم آئی ڈی ایچ ، کپکس اور دیگر مرکزی اور یو ٹی اسپانسر شدہ اسکیموں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ڈی جی ہارٹیکلچر نے تمام چیف ہارٹیکلچر افسران پر زور دیا کہ وہ دئے گئے ہداف بالخصوص سول ورکس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ موڈیفائیڈ ہائی ڈینسیٹی پلانٹیشن اسکیم پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے جس کیلئے5500 ہیکٹر کا ہدف 6سال کی مدت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ڈی جی نے افسران پر زور دیا کہ وہ اینٹی ہیل نیٹس اور اسپرینکل ایریگیشن سسٹمز کے قیام سے متعلق ایکشن پلان تیار کرکے جمع کرائیں ۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ باغات کا مسلسل دورہ کریں اور معمول کی بنیاد پر آگاہی کیمپ لگائیں اور کاشتکاروں کو جدید ترین تکنیکی معلومات فراہم کریں۔انہوں نے دفاتر میں ورک کلچر کی بہتری، کاشتکار دوست ماحول کو برقرار رکھنے اور محکمہ کے ملازمین کی تربیت پر بھی زور دیا ۔اجلاس میں چیف ہارٹیکلچر آفیسرز کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر،انجینئر پی اینڈ ایم اور محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔