GK Communications Pvt. Ltd

  صفحہ اوّل
شمالی کشمیر میں لگاتار برف باری
وسطی اور جنوبی کشمیر میںمتواتربارشیں

سرینگر//محکمہ موسمیات نے منگل کی شام سے موسم میں ہلکی سی تبدیلی کے بعد 11 اور 12فروری کو ایک بار پھر وادی بھر میں برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔اس دوران سوموار کو بھی وادی کے بالائی علاقوں خصوصاً شمالی کشمیر میں بھاری برفباری کاسلسلہ جاری رہا جسکے نتیجے میں ان علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی ۔شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں متواتر بارشیں جاری ہیں ۔کشمیرعظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہاکہ موسم کی موجودہ صورتحال منگل کی شام تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم 10فروری کو موسم میں قدرے بہتری آئے گی لیکن 11اور12فروری کو دوبارہ بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں متواتربارشیں جاری رہیں گی۔ ڈائریکٹر موسمیات کے مطابق مغربی ہواﺅں کا دباﺅ ایک بار پھر وادی کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کااثر 11اور12فروری کوسامنے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر سرینگر میں گذشتہ تین روز سے 34.2ملی میٹر بارش ریکارڑ کی گئی ۔شہر سرینگر کے علاوہ وسطی ضلع بڈگام کے پائینی علاقوں میں بھی زوردار بارشوں کاسلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں جن میں پیرپنچال رینج کا بیشتر حصہ بھی شامل ہے ،شدید برفباری کی لپیٹ میں ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے میدانی علاقوں میں زوردار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے ۔ اسلام آباد سے نمائندے ملک عبدالسلام نے جو اطلاعات فراہم کی ہیں ان کے مطابق جنوبی کشمیر کے میدانی علاقوں میں گذشتہ کئی روز سے متواتر بارشوں کاسلسلہ جاری ہے ۔پہلگام میں دو فٹ ،آڑو میں اڑھائی فٹ ،چندن واڑی میں4فٹ اور دیگر مقامات پر اس سے زیادہ برف باری ہوئی ہے ۔ جنوبی کشمیر کے کولگام اور اس کے مضافاتی بالائی علاقوں میں بھی برف باری جاری ہے ۔وادی میں سب سے زیادہ برفباری شمالی کشمیر کے کپوارہ علاقے میں ہوئی ہے جہاں گذشتہ تین روز سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔کپوارہ میں موجود نمائندے اشفاق سعید نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ تین روز سے مسلسل برف باری کے نتیجے میں سرحدی ضلع کے سبھی علاقے برف کی چادر سے ڈھک گئے ہیں ۔کپوارہ قصبے میں ایک فٹ سے زیادہ برف جمع ہوگئی ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں اس سے زیادہ برف ہوئی ہے ۔سب سے زیادہ لولاب، کرالہ پورہ ،پنزگام،دردپورہ،گزریال،گریز،سونہ مرگ،چوکی بل اور دیگر علاقوں میں برف باری ہوئی ہے جہاں5فٹ سے زائد برف ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے ۔اسکے علاوہ مژھل،کیرن ،کرناہ اور ٹنگڈار کاسڑک رابطہ کئی روز سے منقطع ہے اور ان علاقوں میں تیز برفباری جاری ہے ۔شمالی کشمیر کے سوپور،ورمل ،اور بانڈی پورہ میں بھی بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔دریں اثناءمحکمہ آفات سماوی نے گذشتہ روز سے پسیوں سے متعلق جاری وارننگ مزید72گھنٹوں تک بڑھا دی ہے ۔آفات سماوی کے کوارڈنیٹر عامر علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جن علاقوں میں پہلے سے ہی پسیاں آنے کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے وہ اگلے72گھنٹوں تک جاری رہے گاکیونکہ موسم ٹھیک ہونے کی صورت میں بالائی علاقوں میں پسیاں گرآنے کا زیادہ احتمال رہتاہے ۔

 


سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    







 
 


©  2010   KashmirUzma.net

طابع وناشر:رشید مخدومی برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ
ایڈیٹر :فیاض احمد کلو،ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر،مقام اشاعت :6پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
 


GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By