GK Communications Pvt. Ltd

  صفحہ اوّل
جموں میں درماندہ مسافروں کا احتجاج


 جموں// جموں سرینگر شاہراہ کے مسلسل بند رہنے سے کشمیر جانے والے سینکڑوں مسافروں نے سوموار کو جنرل بس اسٹینڈ جموں پر انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف مظاہرہ کیا تاہم پولیس نے اُن پر لاٹھیاں برسائیں اور منتشر کر دیا۔موسم خراب ہونے کیو جہ سے شاہراہ کے بند ہونے سے جموں میں وادی آنے والے سینکڑوں مسافر گذشتہ کئی روز سے پھنسے ہوئے ہیں ۔لوگوں کا الزام ہے کہ انتظامیہ اُن کے تئیں بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔جس کے نتیجے میں اُنہیں شدید سردی میں رہنا پڑ رہا ہے اوراُنہیںکھانے پینے کےلئے بھی پیسے میسر نہیں۔ غلام رسو ل نامی ایک مسافر نے کشمیر عظمیٰ کوبتایاکہ ہمار ے تمام وسائل ختم ہو چکے ہیں ، ہم سردی سے بے حال ہیں اور نوبت فاقوں تب پہنچ چکی ہے لیکن کوئی بھی آفیسرہماری دادرسی کےلئے نہیں آیا ہے ۔ علی محمد راتھر نامی ایک اورمسافر نے کہا کہ وہ پچھلے تین روز سے یہاں پھنساہوا ہے، اس کے پاس جو پیسے تھے وہ ختم ہونے کو ہیں اور اگر راستہ مزید ایک دو روز تک بند رہتا ہے تو وہ بھیک مانگنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ مریم بیگم نامی خاتون نے سردی سے کپکپاتے ہوئے اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کو ایک کمبل سے ڈھانپنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوٹل میں کمرہ لینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن انکے پاس اتنے پیسے نہیں ، اگر وہ ہوٹل میں منتقل ہو جائیں تو بچوں کوکھلانے کےلئے ان کے پاس کچھ بھی نہیں بچے گا۔ درماندہ مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ لوگ کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہورہے ہیں حالانکہ اگر انتظامیہ چاہتی تو کسی بھی سرکاری عمارت میں رکے ہوئے مسافروں کو ٹھہرانے کے علاوہ ان کےلئے کھانے پینے کا انتظام کیا جا سکتا تھا۔ رابطہ قائم کرنے پر جموں کے ڈپٹی کمشنر ایم کے دویدی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں میں 150سے 200کے بیچ مسافر پھنسے ہوئے ہیں اور انتظامیہ اُنکی دیکھ بھال کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے ان مسافروں کو سکول بلڈنگ میں منتقل کرنے کی پیشکش کی تھی جسے مسافروں نے مسترد کرتے ہوئے انہیں بذریعہ ہوائی جہاز وادی پہنچائے جانے کا مطالبہ کیاجس پر غور و خوض کیا جا رہاہے ،انہوں نے کہا جموں کے ڈویژنل کمشنر کو حالات سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور جلد ہی اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ لیا جا ئے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سنیچر کے روز شاہراہ کو تھوڑے عرصہ کےلئے کھولا گیا تھا ،اس بیچ بہت سے مسافر کشمیر کی طرف روانہ ہو گئے ۔ انہوںنے یقین دلایا کہ اگر موسم میں بہتری نہ آئی اور سڑک بدستور بند رہتی ہے تو مسافروںکو طیاروں کے ذریعہ لے جانے کے بارے میں غور کیا جا ئے گا۔

 


سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    







 
 


©  2010   KashmirUzma.net

طابع وناشر:رشید مخدومی برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ
ایڈیٹر :فیاض احمد کلو،ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر،مقام اشاعت :6پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
 


GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By