GK Communications Pvt. Ltd
Edition :

  صفحہ اوّل
کانگریس ریاستوں میں 6 کی بجائے 9 رعایتی رسوئی گیس سلنڈر
کور گروپ میٹنگ میں فیصلہ، ناراض اتحادیوں کو منانے کی یو پی اے سرکار کی کوشش

نئی دلی// مرکز میں حکمراں ترقی پسند اتحاد کی حمایت سے ڈیژل کی قیمت میں اضافہ ملٹی برانڈ خوردہ بازار میں غیرملکی راست سرمایہ کی اجازت اور سبسڈی پر ایل پی جی سلنڈروں کے کوٹا کے خلاف ترنمول کانگریس کے نکالے جانے کے ایک دن کے بعد بدھ کو کانگریس نے اپنی حکومت والی ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ سبسڈی سلنڈروں کی تعداد بڑھا کر سال میں 6 سے 9 کردیں۔ اپنے اتحادیوں کے مطالبات ماننے کی طرف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کانگریس حکومت والی ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ سبسڈی قیمت پر فراہم کئے جانے والے سلنڈروں کی تعداد سال میں 6 سے بڑھا کر 9 کردیں۔کانگریس کے جنرل سکریٹری جناردھن دویدی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ صدر کانگریس نے کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے اور ان کو ہدایت دی ہے کہ وہ سبسڈی رعایت سے مقرر کی جانے والی قیمت پر فراہم کئے جانے والے ایل پی جی سلنڈروں کی تعداد میں تین کا اضافہ کردیں۔اس وقت ملک کی جن ریاستوں میں کانگریس کی حکومت ہے، وہ ہیں ہریانہ، مہاراشٹر، دہلی، آندھرا پردیش ، راجستھان ، اروناچل پردیش ، کیرالہ، اتراکھنڈ، آسام، میگھالیہ، میزورم اور منی پور شامل ہے۔دویدی نے کہا کہ سونیا گاندھی چار دن سے ممتا بنرجی کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کررہی تھیں۔ یہاں تک کہ وزیراعظم من موہن سنگھ نے بھی حکومت کے فیصلہ کے پیچھے کار فرما سبب کی وضاحت کرنے کی کوشش کی۔دویدی نے بتایا کہ ممتا بنرجی نے کچھ مطالبات پیش کئے ہیں ہم لوگ ان مطالبات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ترقی پسند اتحاد کی چیئرپرسن کو ایک پیغام بھیجا ہے۔ مکل رائے کو یہ بتایا گیا ہے کہ سونیا گاندھی ممتا بنرجی سے بات کرنا چاہتی ہیں۔ پرائم منسٹرس آفس سے بھی ایک پیغام بھیجا گیا ہے۔جناردن دویدی نے بتایا کہ کور گروپ کی میٹنگ میں اس سوال پر بھی غور ہوا۔سچ تو یہ ہے کہ مرکزی حکومت کی حمایت سے دست کش ہوجانے سے متعلق  ترنمول کانگریس کے فیصلہ کے نتائج پر غور اور حکومت کے سامنے موجود ممکن متبادل صورتوں کا اندازہ قائم کرنے کے لئے سونیا گاندھی کی صدارت میں کور گروپ کی میٹنگ شروع ہونے کے فوراً بعد ایل پی جی سلنڈروں کے کوٹا کی حد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی کی میٹنگ وزیراعظم کی رہائش گاہ واقع  7 ریس کورس روڈ پر ہوئی جس میں حکومت کے سامنے دستیاب متبادل صورتوں پر غور ہوا۔ ان صورتوں میں ایک یہ کہ ڈیزل کی قیمت میں جتنا اضافہ کیا گیا ہے، اس میں سے کچھ واپس لے لیا جائے اور ایک یہ کہ سبسڈی قیمت پر فراہم کئے جانے والے ایل پی جی گیس سلنڈروں کی تعداد کی حد میں تھوڑا سا اضافہ کیا جائے۔ترنمول کانگریس نے کل رات ترقی پسند اتحاد حکومت کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لینے کا فیصلہ کیالیکن ممتابنرجی نے جمعہ تک مہلت دی ہے اور کہا ہے کہ اگر تب تک ان کے مطالبات مان لئے جائیں تو وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرسکیں گی۔واضح رہے کہ ترنمول کانگریس کے وزرا ء جمعہ کو وزیراعظم من موہن سنگھ کو اپنا استعفا نامہ پیش کرنے والے ہیں۔

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2013 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By