GK Communications Pvt. Ltd
Edition :

  صفحہ اوّل
میرواعظ اور یاسین ملک کی حاضری ،عوامی اجتماعات سے خطاب


سرینگر//حریت(ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مرکزی سرکار کی طرف سے شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی طرف منسوب مقدس آستانہ عالیہ کی تعمیر نو میں معاونت کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے اس معاملے پر سیاست کرنیکو بند کرنیکا مشورہ دیا۔ میر واعظ نے سنیچر کو آستانہ عالیہ خانیار میں حاضری دی ۔اس موقعہ پر سجادہ نشین سید خالد گیلانی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے میرواعظ نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور حالات کامشاہدہ کیا بعد میںوہاں موجود سوگواروں کے ایک اجتماع سے اظہار خیال کرتے ہوئے میرواعظ نے کہاکہ آستانہ عالیہ کا سانحہ ایک انتہائی دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے تاہم عوام نے جس صبر اور ہمت کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے ۔ اس مرحلے پر میرواعظ نے ایک بار پھر اس عظیم سانحہ کا غیر جانبدارانہ فوری تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اسی سے اصل حقائق عوام کے سامنے آ سکیں گے ۔ میرواعظ نے کہا کہ آستانہ عالیہ کے معاملے میں ہم کوئی سیاست کرنا نہیں چاہتے یہ ایک خالص ملی معاملہ ہے، اسلئے تحقیقاتی کمیٹی میں سجادہ نشین کی سربراہی میں علماء اور سول سوسائٹی کے ممبران کو شامل کیا جانا چاہئے۔میرواعظ نے کہا کہ اس اہم معاملے میں حکومت ہند کو بھی سیاست کاری سے باز آنا چاہئے کیونکہ ہمارے عوام اور مسلمانوں کے اداروں میں اتنی صلاحیت ، قوت اور ہمت ہے کہ وہ بیرونی امداد کے بغیر اس سوختہ آستانہ عالیہ کو شایان شان طریقے پر دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ریاستی سرکار کی طرف سے درگاہوں اور زیارت گاہوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ مسلمان اس خانقاہ کو دوبارہ تعمیر کرنے کی صلاحت رکھتے ہیں۔میرواعظ نے عوام سے پھر تلقین کی کہ وہ موجودہ آزمائش کی گھڑیوں میں حسب سابق اتحاد و اتفاق کے مشعل کو تھامے رکھیں اور انتشار پسند قوتوں کے عزائم کو ناکام بنائیں۔ادھر میرواعظ کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی وفد گنڈ حسی بھٹ لاوے پورہ گیا ۔ وفد کی قیادت سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی کررہے تھے۔ وفد میں مسرور عباس انصاری، غلام نبی زکی، مصدق عادل، غلام محمد ناگو ، حکیم محمد یوسف اور حکیم عبدالرشید شامل تھے۔ وفد نے مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے انکے صبر و ہمت اور جذبات کو کنٹرول کرنے پر مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ہر حال میں باہمی اتحاد و اتفاق کو تھامے رکھنا چاہئے اوراتحا ددشمن اور تحریک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا چاہئے۔

نیوز ڈیسک
سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک آستان عالیہ خانیار پر گئے اور وہاں حاضری دی۔انہوں نے وہاں لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے دل مجروح ہیں اور اذہان پراگندہ ہیں،ہم سے ہمارا مقدس اثاثہ چھن گیا ہے۔ملک نے کہا کہ سینکڑوں برس قبل تعمیر کی گئی ہمارے یہ مقدس روحانی مراکز دراصل ہماری دینی اور روحانی زندگی کا منبع ہوا کرتے تھے۔یہ خانقاہیں انسانوں کو مادی زندگی کی کثافتوں سے نکال کر روحانی زندگی کی لطافتوں سے روشناس کرتے تھے،یہاں ہمیں اللہ کی عبادت اور تقرب کے حصول کیلئے ابھارا جاتا تھا،یہی ان مقدس زیارت گاہوں اور روحانی مراکز کا اولین مقصد ہوا کرتا تھا۔ ایسے مقدس مقامات کا خاکستر اور تباہ ہونا بہر صورت ہمارا اجتماعی نقصان ہے جسکی بھر پائی کسی بھی صورت ممکن نہیں۔ملک اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین اور کئی دوسرے علماء سے بھی ملاقی ہوئے اور اُن سے کہا کہ اگر علماء کرام، دانشوراور سول سوسائٹی کے اراکین اس عظیم سانحے کے محرکات اور اسباب کا پتہ چلانے کیلئے منظم تحقیقات کریں گے تو  لبریشن فر نٹ بحیثیت سپاہی اُن کی پشت پر رہے گی۔اس سے قبل ملک نے گنڈ حسی بٹ کا دورہ کر کے وہاں صورتحال کا مشاہدہ کیا۔عوامی اجتماع سے خطاب میں فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ قرآن کریم اور مقدس شعائر کی بے حرمتی کا ارتکاب کرنے والے عناصر کسی بھی صورت میںمسلمانوں اور اسلام کے دوست نہیں ہوسکتے ۔یہ مسلمانوں کو مسلمانوں سے لڑانے کی ایک منصوبہ بند سازش ہے جس کی گہرائی اور سنجیدگی کا ادراک کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے یہاں کے دینی ادارے،جماعتیں،علماء کرام ،دانشور اور قلم کار اپنے مسلک،مشرب اور ذاتی سوچ سے بالاتر ہوکر اِس سازش کی سنجیدگی کو بھانپیں اور اس کا سدباب کرنے کیلئے کمر بستہ ہوجائیں۔ملک نے کہا کہ ایک طرف ہماری خانقاہیں اور مقدس زیارتیں ہم سے چھن رہی ہیں اور دوسری جانب ہماری مساجد ،امام باڑے اور شعائر بھی دشمن کے نشانے پر ہیں۔ ان جملہ مکروہ کاوشوں کا واحد مقصد یہاں مسلمانوں کو مسلمانوں کے ساتھ گتھم گتھا کرنے،ان کے اتحاد کو پارہ پارہ کرکے انہیں تقسیم کرنے اور یوں یہاں جاری تحریک آزادی کو سبوتاژ کرنا ہے۔ ملک نے گنڈ حسی بٹ، لاوے پورہ اور ملحقہ علاقوں میں مجروح جذبات اور ٹوٹے ہوئے دلوں کے باوجود مسلمانوںکے جذبہ اخوت،بھائی چارگی اور آپسی رواداری اور بھائی چارے کی فضا کوقائم و دائم رکھنے پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے اس جذبے اور رویے نے ہمارے ارادوں کو نئی جلاء بخشی ہے۔ یہاں کے لوگوں کا یہ قابل قدر رویہ واقعتاً ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔گنڈ حسی بٹ کے دورے کے بعد یاسین صاحب اور وفد زیارت شریف خانیار پہنچے۔

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2013 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By