GK Communications Pvt. Ltd
Edition :
  صفحہ اوّل
ایک روشن دماغ تھا نہ رہا
سماجی شخصیت اعجاز احمد بانڈے کا انتقال

سرینگر// وادی کی معروف مجلسی شخصیت اور جموںوکشمیر بنک کے سینئر آفیسر اعجاز احمد بانڈے ایتوار کی شام انتقال کر گئے۔ انکی عمر 53برس تھی۔ مرحوم کے پسماندگان میں انکی بیوہ کے علاوہ2بیٹیاںاور ایک بیٹا شامل ہیں جو ابھی اسکول میں زیر تعلیم ہیں وہ چند ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلاء تھے اور شیر کشمیر میڈیکل انسٹی چوٹ صورہ میں زیر علاج تھے تاہم کچھ عرصہ قبل انہیں ان کے برادراکبر ڈاکٹر وحید بانڈے سابق صدر شعبہ جنرل میڈیسن سکمز کے گھر واقع شاہ فیصل آباد کالونی بژھ پورہ منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے اتوار شام اپنی جان جانِ آفرین کے سپرد کی۔ اعجاز احمد بانڈے نے اسلامیہ کالج سے بی کام کرکے کشمیر یونیورسٹی سے ایم کام کیا اور 1984میں جموںوکشمیربنک میں ملازمت اختیار کی۔ جہاں وہ اپنی علالت سے قبل بنک کے ریجنل سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹی چوٹ میں ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھے۔ اعجاز احمد بانڈے ایک نہایت ہی مرنجاں مرنج قسم کی شخصیت تھے اور اپنی زندہ دلی ، بے باکی اور وسیع النظری کے بہ سبب اپنے حلقہ احباب، جونہایت ہی وسیع تھا، میں کافی ہر دلعزیز تھے۔ اعجاز احمد بانڈے بھر پور زندگی جینے میں یقین رکھتے تھے اور ان کے چہرے پر ہمیشہ سجی ہوئی مسکراہٹ اُن کی پہچان تھی۔ شہر سرینگر کی اکثر سماجی محفلوں میں وہ ہر وقت موجود رہتے تھے۔ مرحوم پاندان نوہٹہ میں تولد پذیر ہوئے اور جامع مسجدونوہٹہ کے گردو نواح کے بھر پور سیاسی و تمدنی ماحول میں پروان چڑھے۔ شہر سرینگر کے روایتی معاشرے کی شکست و ریخت پر انہیں نہایت ہی رنج تھااور بچے کچھے سماجی اور تمدنی اوصاف انہیں حرز جاں تھے۔موصوف انگریزی ، اردو اور کشمیری زبان و ادب پر ماہرانہ دسترس رکھنے کے ساتھ ساتھ فارسی زبان سے بھی واقفیت رکھتے تھے۔ نماز و روزہ کے انتہائی پابند اور تصوف کے حلقوں میں وقت گزارنے کو اپنا قیمتی مشغلہ سمجھتے تھے۔ موصوف اعلیٰ انسانی اقدار میں یقین رکھتے تھے اور کسی کے ساتھ نا انصافی ان کیلئے انتہائی ناقابل برداشت ہوتی تھی ۔ ان نظریات کی وجہ سے انہیں کئی مراحل پر مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔اعجاز احمدکے انتقال پر وادی کے سماجی اور ادبی حلقوںنے زبردست رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ رات دیر گئے سوشل میڈیا کے ذریعہ انکے انتقال کی خبرپھیلتے ہی اطراف و اکناف سے ان کے احباب شاہ فیصل کالونی صورہ پہنچے۔مرحوم کی نماز جنازہ آج یعنی سوموار کی صبح 10:30بجے شاہ فیصل کالونی بژھ پورہ میں انجام دی جائے گی ۔ تدفین آبائی قبرستان واقع بڈشاہ صاحب زینہ کدل میں ہوگی ۔

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2014 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By