گیلانی کا بیان دانشمندانہ محبوب بیگ مزاحمتی قائد کے حق میں رطب اللسان پنچایتی ہلاکتیں
ملک عبدالسلام؍خالد گل اسلام آباد//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور پارلیمنٹ ممبر ڈاکٹر محبوب بیگ نے حریت(گ) سربراہ سید علی گیلانی کی جانب سے پنچایتی نمائندوں کی ہلاکتوں کو مذموم قرار دینے اور امریکی شہریوں کی وادی میں خوش آمدید کہنے کی سراہنا کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ’’میں دل کی گہرائیوں سے گیلانی صاحب کے اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں جو انہوں نے پنچایت ممبروں کی ہلاکتوں کی مذمت کے حوالے سے دیا ہے‘‘۔محبوب بیگ جنوبی کشمیر کے دیالگام دیہات میں ایک جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے سید علی گیلانی کے اس بیان کی بھی سراہنا کی جس میں آخر الذکر نے سیاسی اختلافات پر کسی کو قتل نہ کرنے کی وکالت کی ہے ۔محبوب بیگ کا کہنا تھا کہ ہم بھی کشمیر کے سیاسی حل کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور میرے والد مرزا افضل بیگ نے شیخ محمد عبداللہ کے ساتھ کئی برس جیل میں گزارے ہیں لیکن ہم اس مقصد کیلئے اپنے عوام کو قتل نہیں کراسکتے ہیں ۔انہون نے ریاست کی تمام سیاسی پارٹیوں کو متحد ہوکر کشمیر حل کیلئے جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ۔ڈاکٹر بیگ کا کہنا تھا’’میں گیلانی صاحب اور دیگر لیڈران سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارے درمیان سیاسی اختلاف ہوسکتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم اپنے عوام کو مشکلات سے دوچار کریں‘‘۔انہوں نے کہاکہ اس مقصد کیلئے ضروری ہے کہ ہم متحد ہوکر کشمیر مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنائیں اور اس کے اپنے لوگوں کو مرنے نہ دیں ‘‘۔انہوں نے کہاکہ کشمیر اشو کے حتمی اور پائیدار حل کیلئے تمام متعلقین بشمول علیحدگی پسندوں کو بھی ساتھ لینا ضروری ہے۔انہون نے مزید کہاکہ ہم چونکہ 1952دلی اگریمنٹ کی بحالی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں تاہم ہم عوام کیلئے قابل قبول کسی دوسرے حل کا بھی خیر مقدم کریں گے ۔ڈاکٹر محبوب بیگ کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ پارلیمنٹ میں کشمیر کی نمائندگی کرتے ہیں تاہم انہون نے دلی میں یہ کہے جانے کہ کشمیری نوجوانوں کو پتھر مارنے کیلئے پیسے ملتے ہیں ،یہ کہہ کر مسترد کیا کہ کوئی ماں اپنے بچوں کو پیسے کیلئے مارنے کی اجازت نہیں دے سکتی ہے۔محبوب بیگ نے سید علی گیلانی کی اس بات پر بھی سراہنا کی جو انہیوں نے امریکی شہریوں کی وادی آمد کو خوش آمدید کہا ہے حالانکہ اس وقت امریکہ میں کسی یہودی کی جانب سے توہین آمیز فلم بنانے کیلئے سخت احتجاج جاری ہے ۔’’ میں اس بات کا دل سے سراہنا کرتا ہوں کہ جب کچھ لوگ امریکی اور یورپی شہریوں کو وادی سے چلے جانے کی بات کہہ رہے ہیں ،گیلانی صاحب اٹھ کھڑے ہوئے اور کہاکہ یہ سیاح ہمارے مہمان ہیں ‘‘۔انہوں نے گذشتہ برس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جب کچھ لوگ عیسائی مشنریوں کو وادی سے چلے جانے کی بات کہہ رہے تھے گیلانی صاحب ہی اکیلے اس خیال کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ۔سید علی گیلانی کی تعریف کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر کا کہنا تھا کہ گیلانی صاحب نے عیسائی مشنری کی جانب سے وادی میں تعلیم کے شعبے میں اہم رول ادا کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں وادی میں ہی رہنے کی اپیل کی ۔حالیہ توہین آمیز فلم کی مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر بیگ نے کہاکہ یہ اسلام مخالف فلم ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے ۔انہون نے امت مسلمہ کو متحد ہوکر اس توہین آمیز فلم کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کی ۔تاہم انہون نے امت مسلمہ کو تعلیم کے ذریعے خودکو باختیار بنانے کی وکالت کی ۔انہوں نے کہاکہ یہ عظیم ماہر تعلیم سر سید احمد خان کا نظریہ تھا جو وہ مسلمانوں کو تعلیمی میدان میں آگے آنے اور دنیا پر راج کرنے کے خواہاں تھے ۔توہین آمیز فلم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے بعد اسلام آباد قصبے میں نوجوانوں کی گرفتاری کے بارے میں ڈاکٹر محبوب بیگ کا کہنا تھا کہ وہ یہ معاملہ پولیس اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ اٹھائیں گے اور اگر یہ احتجاج پر امن تھا تو کسی کو گرفتار کرنے کی کوئی جوازیت نہیں ہے۔پتھری بل سانحہ کے متاثرین کی جانب سے اس مطالبے ،کہ انہیں سیکورٹی فراہم کی جائے اور کورٹ مارشل کے دوران انہیں حکومت کی جانب سے کونسل فراہم کیا جائے ،ڈاکٹر محبوب بیگ کا کہنا تھا کہ متاثرین کی ہر مانگ کو حکومت کو پورا کرنا چاہئے تاکہ ان متاثرین کا اس نظام پر بھروسہ قائم رہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان کنبوں کو انصاف فراہم کرنے کیلئے ممکن سہولیت میسر رکھے ۔