راجوری میں اہلکار ہلاک کرشنا گھاٹی میں پھر فائرنگ نیوز دیسک
سرینگر//تین روز کے سکوت کے بعد کرشنا گھاٹی سیکٹر پونچھ میں ہندوپاک کے درمیان ایک دفعہ پھر گولیوں کا تبادلہ ہوا جبکہ سانبہ سیکٹر میں تین بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا ۔اس دوران راجوری میں بندوق سے اچانک گولی نکلنے کے سبب ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔کرشنا گھاٹی سیکٹر میںجمعہ کی شب ساڑھے 9بجے پاکستانی رینجرس نے فوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے خود ہتھیاروں سے فائرنگ کی تاہم پاکستانی فوج کی فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دفاعی ذرائع کے مطابق اس موقعہ پر بھارتی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی اور دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا ۔ادھر نارین بیلٹ راجوری میں قائم فوجی کیمپ میں 14اور15دسمبر کی درمیانی رات اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب کیمپ میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں ۔ کیمپ میں سنتری کی ڈیوٹی پر تعینات مہار ریجمنٹ سے وابستہ ایجندر کمار کی سروس رائفل سے اچانک گولیاں چلیں جو اس کے جسم میں پیوست ہو گئیں ۔مذکورہ اہلکار کو اگر چہ خون میں لت پت فوجی اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اس دوران سانبی سیکٹر کے چھچوال ائریا میں تین بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا ۔