سرینگر// ڈائریکٹر جنرل دور درشن نئی دلی نے سٹیشن ڈئرایکٹر دور درشن کیندر سرینگر شمی شاعر کو اپنے عہدے سے ہٹا کر دوردرشن ہیڈ کوارٹر نئی دلی کے ساتھ منسلک کردیا ہے جبکہ عبدالقیوم وڈیراہ کو سٹیشن ڈائریکٹر دوردرشن کیندر سرینگر تعینات کیا گیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس نے 10ستمبر کو نگین علاقے میں ایک کارروائی کے تحت دور درشن سے ٹیلی کاسٹ ہونے والے صبح کے پروگرام ’گوڈ مارنگ جموں اینڈ کشمیر‘کی ایک خاتون میزبان اور قانون ساز کونسل کے ایک سا بق ممبر جس نے پہلگام حلقہ انتخاب سے 2008 میںاین سی ٹکٹ پر انتخاب بھی لڑا تھا، کو غیر اخلاقی حرکات کرتے ہوئے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اگرچہ مذکورہ سابق ممبرقانون سازیہ پولیس کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوا تاہم اس کے ساتھ خاتون ٹی وی اینکر کو گرفتار کرکے اُن کیخلاف 294 آر پی سی کے تحت کیس رجسٹر کیا، البتہ اسی روز شام کو مذکورہ خاتون اینکر کو ضمانت پر رہاکرانے کے بعد ڈائریکٹر نے دوسرے روز مذکورہ خاتون کو دوبارہ یہ پروگرام کرنے دیا ، اتنا ہی نہیں بلکہ میڈیادبائو کے بعد جمعرات صبح یہ پروگرام اپنی ایک قریبی رشتہ دار لڑکی سے کرانے کی پاداش میں ڈائریکٹر سٹیشن سرینگر شمی شاعر کو دور درشن ہیڈ کوارٹر نئی دلی ساتھ منسلک کیا گیا۔ایک آرڈر کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن اے کے گاندھی نے جمعرات کو ایک آڈر زیر نمبر PF/318/S.IIIبتاریخ جار ی کرتے ہوئے شمی شاعر کا تبادلہ عمل میں لاکر انہیں دور درشن ہیڈکوارٹر نئی دلی ساتھ منسلک کیا گیا جبکہ سٹیشن ڈائریکٹر عبدالقیوم وڈیرا کو ان کی جگہ نیا سٹیشن ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔ڈپٹی دائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن کے احکامات کے فوراً بعد ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل سرینگر آفتاب عالم نے شمی شاعر کو اپنی ذمہ داریوں سے فارغ کیا۔ اس دوران سے وابستہ کئی پرڈیوسروں جن میں مشتاق علی ،طارق احمد لولپوری ،اعجاز راہ اور الطاف مرازی شامل ہیں نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے نئے ڈائریکٹر کو مبارکباد پیش کی ہے۔