GK Communications Pvt. Ltd
Edition :

  اداریہ
میڈیکل کالج جموںکا حال بے حال
دیگر شفاخانوں کا ملال کیا؟

ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں اگر چہ کئی چھوٹے بڑے سرکاری و نجی شفا خانے موجود ہیں لیکن گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں پورے خطہ کے ان غریب مریضوں کی واحد امید ہے جو ریاست اور بیرون ِ ریاست واقع بڑے بڑے شفاخانوں میں مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہیں ۔ روزانہ صوبہ کے مختلف اضلاع سے ہزاروں مریض یہاں اس توقع پر پہنچا ئے جاتے ہیں کہ وہ شفایاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے ، تاہم بظاہر اس وقاری سرکاری ہسپتال کی بباطن حالت کے وقتاً فوقتاً انکشافات ایک عام آدمی کو بھی یہ سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں کہ کیا ان حکو متی دعوئوں کی یہی حقیقت ہے جو بار بار اخبارات کی زینت بنتے رہتے ہیں ۔ حالانکہ ماضی میں بھی میڈیکل کالج جموں کچھ ناپسندیدہ حالات و واقعات کی باعث موضوعِ بحث رہ چکا ہے مگر حال ہی میں ایک ایسا واقعہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے منظرعام پر آیا جس نے صرف ریاست بلکہ پورے ملک اور دنیا میں پر اس کی اصلیت آشکارا کر دی ۔ پہلے یہ شفاخانہ کتوں کی بھر مار کے باعث خاصا نام کما چکا تھا۔ مختلف وارڈوں ، گلیاروں ، سیڑھیوں، کینٹین ، لیبارٹریوں ، ایمر جنسی غرض ہر جگہ پر آوارہ کتوں کا قبضہ تھا البتہ ان میں کم از کم اتنی شرافت ضرور تھی کہ وہ بہت کم اپنی فطرت دکھاتے ہوئے کسی کو کوئی گزند پہنچاتے تھے ۔ لیکن اب جو بندروں کی باری آئی تو انہوں نے محض باہر مٹر گشتی کر نے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ سیدھے وارڈوں میں جا کر بستروں پر ہی قبضہ جما لیا اور پھر کسی کی کیا مجال تھی کہ انہیں وہاں سے بھگا پاتا ۔ جن وارڈوں میں یہ بندر محوِ استراحت تھے ، ان میں داخل بیچارے مریضوں اور تیما داروں کو کس کس طرح کی پریشانیوںکا سامنا کر نا پڑا ، اس کا اندازہ باہر سے لگانا مشکل ہے ۔کئی بار کی شکایات کے باوجود ہسپتال انتظامیہ نے اس معاملہ کو معمولی سمجھ کر کوئی نوٹس نہیں لیا ۔ کسی طرح اس کی بھنک ذرائع ابلاغ کو مل گئی اور پھر تمام مقامی و غیر مقامی اخبارات اور نیوز چینلوں نے اپنے اپنے ڈھنگ سے اس کی ایسی تشہیر کی کہ خود ریاستی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سماجی ویب سائٹ ’’ ٹویٹر ‘‘ اپنی نا پسندیدگی کا اظہار کئے بغیر نہیں رہ سکے ۔ بعد میں اپنے جموں دورہ کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے اور ذمہ دار لوگوں کے خلاف یقیناً کارروائی بھی ہو گی ۔ یہاں سوال یہ پیدا ہو تا ہے کہ اگر ریاست کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال، جس پر حکومت اور حکومتی اعلیٰ افسران کی ہر وقت نظر رہتی ہے ،کی حالت اس طرح کی ہے تو پھر ضلع ہسپتالوں ، پرائمری ہیلتھ سنٹروں اور دور دراز علاقوں میں واقع سرکاری ڈسپنسریوں میں سٹاف و سہولیات کی کمیابی ، ڈاکٹروں کی غیر حاضری یا مریضوں کے علاج میں عدمِ دلچسپی جیسی شکایات کر نا ہی عبث ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ چاہے کسی دور دراز گائوں کی مقامی ڈسپنسری ہو یا میڈیکل کالج جموں ، ہر دو جگہ ہی غریب اور دیہی لوگوں کو ہی ’’ مرگ ِ مفاجات ‘‘ کا سا منا کر نا پڑرہا ہے ۔ صاحب ِ ثروت لوگوں کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ۔ سرکاری ہسپتال سے لے کر مہنگے نجی ہسپتالوں تک ان کی خوب آئو بھگت ہوتی ہے ۔ مہنگی سی مہنگی دوائیں اور جدید سے جدید تر سہولیات انہیں فراہم ہوتی ہیں بلکہ کئی بار یہ دیکھا گیا ہے کہ جو مہنگے ٹیسٹ اور ادویات غریب لوگوں کو مفت یارعایتی داموں پر دینے کے لئے ہو تے ہیں ، وہ بھی وی آئی پی مریضوں کو ان کی خوشنودی حاصل کر نے کے لئے دے دی جاتی ہیں اور اصلی حقدار دل مسوس کر کے رہ جاتا ہے ۔ ریاستی حکومت بارہا اسمبلی کے اند ر اور باہر باہر یہ دعوے کر چکی ہے کہ وہ اپنے عوام کو اعلیٰ طبی سہولیات فراہم کر نے والی ریا ستوں میں سے ایک ہے لیکن زمینی سطح پر جو حقائق ہیں ، وہ میڈیکل کالج جموں کو دیکھنے سے ہی عیاں ہو جاتے ہیں ۔ریاستی حکومت کو فوری طور پر نہ صرف اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کر کے ہسپتال کی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کر نی چاہئے جس کی الغرضی اور فرائض کی انجام دہی سے غفلت کے باعث اس وقاری ہسپتال کی جگ ہنسائی ہو ئی بلکہ خود حکومت کو بھی شرمسار ہو نا پڑا بلکہ دیگر ضلع ہسپتالوں کی طرف بھی توجہ دینی چاہئے جہاں صورتحال اور بھی ابتر ہے ۔ خصوصی طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں واقع ہسپتالوں ، پرائمری ہیلتھ سنٹروں اور ڈسپنسریوں کی صحت سدھارنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ نہ صرف غریب اور دیہی لوگوں کو معمولی امراض کے لئے بھی جموں کا رخ نہ کر نا پڑے بلکہ میڈیکل کالج پر بڑھتا دبائو بھی کم ہو سکے ۔

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2013 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By