GK Communications Pvt. Ltd
Edition :
  صفحہ اوّل
سونیا کی صدارت میں میٹنگ منعقد ، کابینہ پھیر بدل اگلے ہفتے متوقع


سرینگر// ریاستی کابینہ میں ممکنہ ردبدل اور توسیع کے معاملے پر کانگریس صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں کل شام اُن کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ منعقد ہوئی ، جس میں ریاستی کابینہ میں نئے چہروں کو شامل کرنے اور عہدوں میں پھیر بدل کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستی کابینہ میں آئندہ ہفتے پھیر بدل کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس میٹنگ میں سونیا گاندھی کے علاوہ اُن کے سیاسی مشیر احمد پٹیل، جموں وکشمیر انچارج موہن پرکاش، پروفیسر سیف الدین سوز اور غلام نبی آزاد موجود تھے۔ 10 جن پت پر شام کو ہوئی میٹنگ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک چلی۔ اس میٹنگ میں کابینہ پھیر بدل اور نئے چہروں کو شامل کرنا مرکزی مدعا تھا۔ میٹنگ میں اس بات پر بھی گفت و شنید ہوئی کہ اُن علاقوں کو کابینہ میں نمائندگی دی جائے جنہیں ابھی تک نمائندگی نہیں دی گئی ہے۔ سیاسی گلیاروں میں جن ناموں کے ارد گرد توجہ مرکوز کی جارہی ہے اُن میں سابق وزیر تعمیرات جی ایم سروری، ایم ایل اے بانہال وقار رسول اور ایم ایل اے ڈوڈہ عبدالمجیدوانی شامل ہیں۔ میٹنگ میں یہ بھی تجویز سامنے آئی کہ موجودہ وزراء میںسے چند ایک کے عہدوں میں پھیر بدل کیا جائے۔ میٹنگ کے دوران مخلوط سرکار میں شامل کانگریس وزراء کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سونیا گاندھی ریاستی کابینہ میں پھیر بدل کرنے سے قبل پارٹی لیڈران کے ساتھ ایک بار پھر تبادلہ خیال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس وقت کابینہ میں کانگریس کے 10 وزراء ہیں، جس میں 6 کابینہ درجہ کے وزیر ہیں۔ جی ایم سروری پر الزامات کے نتیجے میں اُن کی نشست استعفیٰ کے ساتھ خالی ہوئی تھی اور وزیر تعلیم کا عہدہ بھی پارٹی کو چھوڑنا پڑا تھا۔ ان دونوں وزراء پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی اور بیٹے کو غیر قانونی طور پر فائدہ پہنچایا تھا۔ اس دوران ذرائع نے بتایا کہ سوموار کو ریاستی کابینہ میں پھیر بدل یا نئے وزراء کو شامل کرنے کا عمل مکمل ہوسکتا ہے۔ یہ پہلے ہی بتایا گیا ہے کہ نیشنل کانفرنس موجودہ وزارتی کونسل میں شامل وزراء میں کوئی پھیر بدل نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی نئے چہرے کو وزارتی کونسل میں شامل کیا جائے گا۔

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2014 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By