تازہ ترین

۔9روزہ کُل ہند اُردو کتاب میلہ اختتام پذیر ،50لاکھ روپے کی کتب فروخت

سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میں9روزہ کُل ہند اُردو کتاب میلہ اختتام پذیر ہوا۔ میلے میں  تقریباً 50 لاکھ روپئے کی کتابیں فروخت ہوئیں ۔ 23 ویں کل ہند اردو کتاب میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہاکہ ’میلے میں محبان اردو اور شائقین اردو کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کشمیر میں اردوکا مستقبل روشن اور تابناک ہے‘۔انہوںنے کہاکہ کتاب میلے میں کشمیر کے بیشتر کالجوں اور اسکولوں کے طالب علموں اور ان کے اساتذہ کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اردو کے اساتذہ حضرات اور طالب علم اردو کی ترقی و ترویج کے تئیں بے حد سنجیدہ اور بیدار ہیں۔ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے مزید کہا کہ’’کشمیر کے کل ہند اردو کتاب میلے میں اہل کشمیر نے جس قدر اچھا ریسپانس دیا ہے ہم اس کے لیے آپ سب کے شکر گذار ہیں&lsquo

آلسٹینگ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی صفائی | 26جون کو پانی کی سپلائی بند رہے گی

سرینگر/آلسٹینگ گاندربل واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں صفائی کی جارہی ہے جس کے سبب شہر کے بیشتر علاقوں میں26جون 2019بدھوار کو پانی کی سپلائی متاثر رہے گی۔ پی ایچ ای کے ایگزیکٹیو انجینئر ڈویژن سرینگر کے مطابق 18لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے والے آلسٹینگ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی صفائی کی جارہی ہے جس کے سبب بدھوار کو صبح9بجے سے شام9بجے تک  پاندچھ،بژھ پورہ،صورہ، آنچار،بہلوچی پورہ،زونی مر،نوشہرہ،باغ علی مردان خان،زڑی بل،حول،علمگری بازار، راجوری کدل،علاقہ نالہ مار،نوا کدل،بہوری کدل،نوہٹہ اور اس سے ملحقہ علاقہ جات،حضرت بل،صدرہ بل،نگین،سعدہ کدل،لال بازار میں پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔ عوام الناس سے قبل ازیں پانی کا ذخیرہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ پانی کی اشد ضرورت کے پیش نظر 2452047 پر رابطہ کریں  

صحرائی کا اظہار تعزیت

سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے الٰہی باغ صورہ کے رکن جماعت اسلامی ماسٹر عبدالرحمٰن کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دعا کی ۔ دریں اثناء صدر ضلع نے نشاط جاکر مرحوم خواجہ عبدالاحد ترمبو کے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔  

وِجے کمار اور دلباغ سنگھ کی تعزیت پرسی

سری نگر//گورنر کے مشیر کے وِجے کمار ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ کے ہمراہ 12؍ جون اننت ناگ کے ایک ملی ٹنٹ حملے مارے گئے پولیس انسپکٹر ارشد خان کے غمزدہ کنبے کے ساتھ ملنے کے لئے اُن کے گھر گئے۔اُنہوں نے غمزدہ کنبے کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے اُن کے ساتھ دلی ہمدردی کا اِظہار کیا ۔کے وِجے کمار نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی اور لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اِظہار کیا۔پولیس انسپکٹر ارشد خان ضلع اننت ناگ میں 12؍ جون کو ملی ٹنٹ حملے میں شدید زخمی ہوا اور ایمز نئی دلی میں 16؍ جون کو زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ۔آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی اور ایس ایس پی سر ینگر حسیب مغل بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔