تازہ ترین

سرینگر میں حز ب سے وابستہ 3جنگجو گولہ بارود سمیت گرفتار:پولیس

 سرینگر/پولیس نے منگل کو دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے چھانہ پورہ میں ایس پی او پر فائرنگ کرنے اور جموں و سرینگر میں کئی گرینیڈ حملوں میں براہ راست ملوث حزب سے وابستہ تین جنگجوئوں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت آصف اقبال ڈار، شاہد حسین ڈار ساکنان صورہ اور رشید لطیف میر ساکنہ برزلہ کے بطور کرتے ہوئے کہا کہ تینوں حزب المجاہدین سے وابستہ ہیں اور وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو انتہائی مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق تینوں کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور انسانی ذرائع کا استعمال کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ حزب سے وابستہ کمانڈر جنید صحرائی اس گروپ کا حصہ تھاجس نے کئی جنگجویانہ کارروائیوں کو انجام دیا ہے۔  پولیس کے مطابق مذکورہ گروپ نے 27مارچ 2019

کشتوار میں نماز جمعہ کے بعد ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کا اعلان

سرینگر/ضلع مجسٹریٹ کشتوار، انگریز سنگھ رانا نے منگل کو ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے دفعہ144کے تحت قصبہ کشتوار میں نماز جمعہ کے بعد ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عاید کردی۔ ایک آرڈر میں بتایا گیا ہے کہ بعض سیاسی لیڈر جمعہ اجتماعات کی آڑ میں مظاہرے کرتے ہیں اوراس طرح کی صورتحال سے حساس قصبے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوکر بعد میں امن و قانون کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ آرڈر میں مزیدبتایا گیا ہے کہ قصبہ کشتوار میں جمعہ نماز کے بعد سبھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عاید کی جاتی ہے اور اس حکم کا اطلاق اگلے احکامات تک جاری رہے گا۔  

اوڑی میں دوشیزہ دریائے جہلم میں غرقآب، تلاش کا کام شروع

اوڑی/ شمالی کشمیر کے اوڑی میں منگل کو ایک دوشیزہ دریائے جہلم میں ڈوب گئی جس کے بعد اُس کی تلاش کا کام شروع کیا گیا۔ اطلات کے مطابق ضلع بارہمولہ میں قصبہ اوڑی کے دچھی نامی گاوں میں 18 سالہ دوشیزہ ،جس کی شناخت روبینہ بانو دختر انور شاہ کے بطور ہوئی ہے، اس وقت نزدیکی دریائے جہلم میں ڈوب گئی جب وہ مویشیوں کے ساتھ تھی۔ واقعہ کے فوراً بعدمقامی لوگوں نے روبینہ کی تلاش کا کام ہاتھ میں لے لیا۔ ایس ایچ او، اوڑی تبریز احمد خان نے بتایا کہ خبر ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔    

پونچھ میں کنٹرول لائن پر ہند۔پاک افواج کے مابین گولیوں کا تبادلہ

سرینگر/بھارت اور پاکستان کی افواج نے منگل کو ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے گولیوں اور مارٹر گولوں کا تبادلہ کیا۔ حکام کے مطابق کراس کنٹرول لائن گولی باری کا یہ واقعہ مینڈھر کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں اُس وقت پیش آیا جب پاکستانی افواج نے کسی اشتعال کے بغیر بھارتی ٹھکانوں کی طرف گولیاں چلائیں اور مارٹر گولے داغے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج پاکستانی فائرنگ کا ''بھر پور'' جواب دے رہی ہیں۔  

جنوبی کشمیر کے بجبہارہ میں 40سالہ شہری کی لاش بر آمد

سرینگر/جنوبی کشمیر کے بجبہارہ میں منگل کو ایک میوہ باغ کے اندر ایک شہری کی لاش بر آمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق 40سالہ نذیر احمد بٹ ولد مرحوم غلام قادر بٹ ساکنہ وپزن،ہیر پورہ کی لاش ایک مقامی باغ میں پائی گئی۔ ذرائع کے مطابق بٹ پیشے سے ایک کسان تھا۔ حکام نے کہا کہ بٹ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔  

وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی کوئی درخواست نہیں کی: وزیر خارجہ

سرینگر/بھارت نے اس بات سے صاف انکار کیا ہے کہ وزیراعظم مودی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی درخواست کی ہے۔ منگل کو راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے اس مطالبے پرکہ وزیر اعظم کو ٹرمپ کے بیان کی وضاحت کرنی چاہئے، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ٹرمپ سے ایسی کوئی درخواست ہی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا''بھارت کی پالیسی ہے کہ پاکستان کے ساتھ سبھی باہمی مسائل کو آپس میں ہی حل کیا جائے''۔ اس سے قبل کانگریس کی سربراہی میں حزب ا ختلاف کے ممبران نے حکومت سے صدر ٹرمپ کے بیان سے متعلق وضاحت طلب کی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے اُنہیں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے کہا تھا۔  

سرینگر اور پلوامہ اضلاع میں این آئی اے کے تازہ چھاپے

سرینگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے) نے منگل کو سرینگر اور پلوامہ اضلاع میں دو تاجروں کے ہاں چھاپے مارے ۔یہ دونوں تاجر ایل او سی تجارت سے وابستہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق این آئی اے اہلکاروں نے پولیس کو ساتھ لیکر غلام احمد وانی ساکنہ کیلر کے گھر پر چھاپا مارا۔ این آئی اے نے دوسرا چھاپہ پارمپورہ سرینگر میں مارا ،اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک مذکورہ مقامات پر تلاشی اور چھان بین کا سلسلہ جاری تھا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ یہ چھاپے مبینہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا حصہ ہیں۔  

سرینگر۔جموں شاہراہ پر مشکوک چیز کی موجودگی سے ٹریفک کی نقل وحمل متاثر

سرینگر/سرینگر۔جموں قومی شاہراہ پر منگل کو کسی مشکوک چیز کی موجودگی کے نتیجے میں اس پر گاڑیوں کی نقل و حمل متاثر ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق فورسز نے قاضی گنڈ علاقے میں ملپورہ کے مقام پر کوئی مشکوک چیز پائی، جس کے بعد گاڑیوں کو کچھ دیر کیلئے دونوں طرف سے روکا گیا۔ اس موقع پر بم ناکارہ کرنے والی ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے معائینہ کرکے ٹریفک بحال کرنے کی صلاح دی۔