تازہ ترین

ترال علاقے میں جھڑپوں کے دوران تین شہری زخمی

سرینگر/جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں بدھ کو فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران تین نوجوان مظاہرین زخمی ہوگئے۔ یہ مظاہرے ترال کے ناگہ بل علاقے میں ہوئیں جہاں مظاہرین نے فورسز کی گاڑیوں کو سنگباری کا نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق فورسز نے جوابی کارروائی میں آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ فائر کئے جس سے تین نواجونوں کو چوٹیں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیلٹ لگنے سے تین زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال ترال پہنچایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فورسز نے آج صبح ترال کے برینہ پتھری جنگل میں جس جنگجو کو ایک معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق کیا وہ ناگہ بل کا ہی رہنے والا تھا۔ اُس کی شناخت شبیر احمد ملک کے طور ہوئی ہے جس کا تعلق پولیس کے مطابق انصار غزوة الہند نامی تنظیم کے ساتھ تھا۔  

وزیر داخلہ امت شاہ کشمیر کے دور روزہ دورے پر سرینگر میں

سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کشمیر کے دوروزہ دورے پر بدھ کو سرینگر پہنچ گئے ۔  وزیر داخلہ بننے کے بعد یہ انکا وادی کا پہلا دورہ ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کا استقبال کرنے کیلئے اعلیٰ سیول اور سیکورٹی حکام موجود تھے۔  امت شاہ امرناتھ گپھاپر حاضری دینگے جہاں وہ خصوصی پوجا پاٹ کریں گے۔وہ سرینگر میں سیکورٹی گرڈ کی میٹنگ کی صدارت بھی کرینگے۔ واضح رہے کہ امت شاہ کے دورے کے پیش نظر سرینگر اور آس پاس سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔  

بانڈی پورہ میں موٹر سائیکل چرانے والا سارق گرفتار: پولیس

 سرینگر/پولیس کی طرف سے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عرفان احمد نجار ولد عبدالحد نجار ساکنہ بونہ کوٹ بانڈی پورہ نے پولیس اسٹیشن پیٹھ کوٹ میں تحریری طورپر شکایت درج کی تھی کہ اس نے اپنی موٹر سائیکل(اپاچی) گھر کے قریب پارک کی تھی جسے نامعلوم افراد نے چرا لیا ۔ پولیس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 23/2019کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ چنانچہ پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے چوری میں ملوث شخص جس کی شناخت طاریق احمد نجار ولد محمد یوسف نجار ساکنہ سملر بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے، کی گرفتاری عمل میں لاکر اس کے قبضے سے چرائی گئی موٹر سائیکل کو برآمد کرکے ضبط کیا۔    

پولیس نے ترال معرکہ میں جاں بحق جنگجو کی شناخت کرلی

سرینگر/پولیس نے بدھ کو اُس جنگجو کی شناخت کرلی جو ترال کے جنگلی علاقے میں آج صبح فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق جنگجو کی شناخت شبیر احمد ملک ساکنہ ناگہ بل ترال کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق شبیر لشکر طیبہ سے وابستہ تھا تاہم بعد میں اُس نے ذاکر موسیٰ کی قیادت والی انصار غزوة الہند نامی تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل آج صبح جنوبی کشمیر میں ترال کے جنگلی علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔ یہ معرکہ برین پتھری نامی جنگلی علاقے میں فورسز داخل ہونے کے بعد شروع ہوگیا جو ایک جنگجو کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔    

اننت ناگ اسپتال میں حاملہ خاتون کی مبینہ طبی غفلت سے موت

سرینگر/حکام نے بدھ کو جنوبی کشمیر میں اننت ناگ کے زنانہ اسپتال واقع شیر باغ میں ایک حاملہ خاتون کی مبینہ طور طبی غفلت کے نتیجے میں ہوئی موت کی تحقیقات کے احکامات صادر کرلئے۔ خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق 25 سالہ شوبی جان اہلیہ محمد حسین بٹ ساکنہ سرنل اننت ناگ گذشتہ روز مبینہ طورطبی غفلت کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئی۔ مرحومہ کے قریبی رشتہ داروں کے مطابق گذشتہ روز صبح سویرے اسپتال میں داخل کرنے کے بعد شوبی کی سرجری دن کے دو بجے طے تھی تاہم وقت پر کوئی بھی ڈاکٹر میسر نہ ہونے اور ایک طویل وقت تک کوئی مناسب طبی امداد نہ ملنے کے سبب اُس کی موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دن میں ہی شوبی کی حالت خراب ہوگئی اور اس سلسلے میں جب ڈاکٹروں کو مطلع کیا گیا تو اُنہوں نے رات کے گیارہ بجے تک اُنہیں منتظر رکھا۔اس کے بعد شوبی کو لیبر روم میں لیجایا گیا جہاں اُسے بقول اُنکے گھنٹوں منتظر

ترال معرکہ آرائی میں ایک جنگجو جاں بحق :پولیس

سرینگر/پولیس نے بدھ کو کہا کہ ترال کے جنگلی علاقے میں آج صبح جو معرکہ آرائی شروع ہوئی تھی اُس کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا جبکہ جائے واردات سے اسلحہ و گولی بارود بر آمد کیا گیا۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ جاں بحق جنگجو کی شناخت کا کام جاری ہے۔ اس سے قبل جنوبی کشمیر میں ترال کے جنگلی علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔ یہ معرکہ برین پتھری نامی جنگلی علاقے میں فورسز داخل ہونے کے بعد شروع ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کی ایک مشترکہ ٹیم نے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر جونہی تلاشی شروع کی تو چھپے جنگجوئوں نے اہلکاروں پر گولیاں چلائیں جس کے بعد یہاں معرکے کا آغاز ہوگیا۔  

وسطی کشمیر میں ٹریکٹر اُلٹنے سے شہری جاں بحق، دوسرا زخمی

سرینگر/وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل میں بدھ کو ایک ٹریکٹر اُلٹنے سے ایک شہری جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب گنڈ کنگن میں ایک ٹریکٹر سڑک پر اُلٹ گیا۔ ذرائع کے مطابق اس کے نیچے ٹریکٹر کا ڈرائیور اور اس پر سوار دوسرا شہری آگیا جنہیں زخمی حالت میں نکالا گیا۔   ڈرائیور 28سالہ ریاض احمد بٹ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جبکہ 24سالہ مظفر احمد لون کا علاج جاری ہے۔    

ترال کے جنگل میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ

سرینگر/جنوبی کشمیر میں ترال کے جنگلی علاقے میں بدھ کی صبح فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔ یہ معرکہ برین پتھری نامی جنگلی علاقے میں فورسز داخل ہونے کے بعد شروع ہوگیا۔ خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کی ایک مشترکہ ٹیم نے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر جونہی تلاشی شروع کی تو چھپے جنگجوئوں نے اہلکاروں پر گولیاں چلائیں جس کے بعد یہاں معرکے کا آغاز ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور گولیوں کے تبادلے کے بعد جنگجوئوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور آپریشن جاری ہے۔