تازہ ترین

شمالی کشمیر کے سوپور میں منشیات فروش گرفتار:پولیس

 سرینگر/ پولیس کی طرف سے سوموار کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوپور پولیس نے منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیابرآمدکرکے ضبط کی ہے۔ بیان کے مطابق انچارج پولیس پوسٹ فروٹ منڈی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران تنویر احمد ڈار ولد غلام حسن ساکنہ ربن سوپور کو روک کر اس کی جامہ تلاشی جس دوران اس کے قبضے سے 115گرام چرس برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔  پولیس ٹیم نے موقع پر ہی منشیات فروش کو حراست میں لے کر اس کے خلاف ایک ایف آئی آر زیر نمبر 172/2019کے تحت پولیس اسٹیشن سوپور میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

گلمرگ گنڈولہ کیش کائونٹر سے50 لاکھ روپے کی رقم چوری

بارہمولہ /عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں چوری کا ایک بڑ ا واقعہ پیش آگیا ہے اور اس واقعہ میں نامعلوم افراد گنڈولہ کائونٹر سے50 لاکھ روپے کے قریب رقم لوٹ کرفرار ہوگئے ہیں۔  ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو نامعلوم چوروں نے گلمرگ گنڈولہ کائونٹر سے پچاس لاکھ روپے نقدی لوٹ لئے ۔  ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرہ سے بھی چوروں کو دیکھا گیا ہے اوراس سلسلے میں گلمرگ پولیس نے ایک کیس زیر ایف ائی آر نمبر 5/2019 درج کرکے چوروں کی تلاشی بڑے پیمانے پر شروع کردی ہے ۔  منیجنگ ڈاریکٹر گلمرگ کیبل کار ،پروجیکٹ شمیم احمد نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گنڈولہ کیش کائونٹر سے 50 لاکھ روپے کی چوری ہوگئی ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔  

حریت کا بات چیت کے بارے میں مؤقف نرم کرنا باعث اطمینان: محبوبہ

سرینگر/سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سوموار کو کہا ''یہ باعث راحت ہے کہ حریت کانفرنس نے بات چیت سے متعلق اپنا مؤقف نرم کیا ہے''۔انہوں نے اس بارے میں فارسی کے ایک مشہور قول کا سہارا لیتے ہوئے کہا''دیر آید درست آید''۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا ''پی ڈی پی اور بھاجپا کے مابین اتحاد کا بنیادی مقصد حریت اور مرکز کے مابین بات چیت کی راہ ہموار کرنا تھا۔میں نے اس سلسلے میں بہت کوشش کی لیکن ناکام رہی، بحرحال، دیر آید درست آید کے مصداق یہ باعث راحت ہے''۔ اس سے قبل ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا کہ حریت لیڈران مرکز کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں جس کے رد عمل میں حریت کانفرنس (ع)کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے بھی مذاکرات کے بارے میں مثبت بیان دیا۔    

مرکز آئین کے دائرے میں حریت کانفرنس کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار:بھاجپا

سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی نائب صدر اور جموں کشمیر امورات کے انچارج، اویناش رائے کھنہ نے سوموار کو کہا کہ مرکز ی سرکار آئین کے دائرے میں حریت کانفرنس سے مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر کہا'' ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔حریت لیڈران جموں کشمیر کے شہری اورہمارے اپنے لوگ ہیں۔ وہ ہم سے ،یہاں تک کہ وزیر اعظم نریند رمودی سے بھی کبھی بھی مل سکتے ہیں، لیکن بات چیت آئین کے دائرے میں ہی ہوگی''۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کشمیر میں آہستہ آہستہ ایک پُر من ماحول تیار کررہے ہیں تاکہ ''ہر شہری کا اعتماد جیتا جاسکے''۔ اس سے قبل حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ اُن کی قیادت والی حریت صرف مذاکرات پر بھروسہ کرتی ہے ۔  

شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں گائوں کافورسز محاصرہ اور تلاشی آپریشن

سرینگر /فورسز نے سوموار کو شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں واقع ڈورو نامی گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔ اطلاعات کے مطابق ضلع بارہمولہ میں فورسز کا یہ آپریشن فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کی طرف سے مشترکہ طور شروع کیا گیا ۔ حکام کے مطابق فورسز کو ڈورو میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد فورسز کارروائی عمل میں لائی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق گائوں میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔  

کشمیر میں چناروں پر اشتہارات کی تنصیب پر سرکار کی پابندی

سرینگر/سرکار نے وادی کشمیر میں چنار کے درختوں پر اشتہارات نصب کرنے پر پابندی عاید کی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق متعلقہ ادارے کو یہ شکایات موصول ہورہی تھیں کہ تعلیمی ادارے،کوچنگ انسٹی چیوٹس،انڈسٹریل اور ایسے ہی تجارتی ادارے چنار کے درختوں پر اپنے اشتہارات نصب کرکے قدرتی حسن کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ان سرختوں کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ آرڈر کے مطابق کشمیر کے صوبائی کمشنر نے تمام ضلع کمشنروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ چنار کے درختوں پر اشتہارات نصب کرنے پر عایدپابندی کو یقینی بنایا جائے اور چنار کے درختوں پر جو ہورڈنگس اور سائن بورڈ موجود ہیں اُنہیں فوری طور ہٹایا جائے۔  

جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں ہڑتال کے دوران جھڑپیں، تین مظاہرین زخمی

سرینگر/جنوبی قصبہ پلوامہ میں سوموار کو تین نوجوان مظاہرین اُس وقت زخمی ہوگئے جب وہاں مظاہرین اور فورسز کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق پلوامہ قصبے میں نوجوانوں کی کئی ٹولیوں نے سڑکوں پر آکر فورسز اہلکاروں پر سنگباری کی۔ اطلاعات میں مزید بتایا گیا ہے کہ فورسز نے جواب میں آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ فائر کئے۔ ضلع اسپتال پلوامہ میں ذرائع کے مطابق وہاں تین نوجوانوں کوزخمی حالت میں پہنچایا گیا۔ دریں اثناء قصبے میں جنگجوئوں کی ہلاکت کیخلاف مکمل ہڑتال ہے۔ واضح رہے کہ نزدیکی ضلع شوپیان میں گذشتہ روز فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران چار مقامی جنگجو جاں بحق ہوگئے تھے۔  

جموں کشمیر سے متعلق امت شاہ کی پہلی بل آج پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہونی متوقع

سرینگر /جموں کشمیر میں بین الاقوامی سرحد کے دس کلو میٹر احاطے میں رہنے والے شہریوں کو تعلیمی اداروں اور سرکاری نوکریوں میں ریزرویشن دینے سے متعلق ایک بل پارلیمنٹ میں سوموار کو پیش ہونی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مرکزی وزیر داخلہ  امت  شاہ کی پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی پہلی بل ہوگی جو اپنے بیان میں یہ بل فوراً پا س کرنے کے حق میں بیان بھی دیں گے ۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد آدھار سے متعلق ایک بل پیش کریں گے۔ وزیر قانون لین دین سے متعلق ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بھی ایک بل ایوان کے سامنے رکھیں گے۔