تازہ ترین

راجوری میں کنٹرول لائن پر ہند۔پاک افواج کے مابین فائرنگ، فوجی اہلکار ہلاک

سرینگر/بھارت اور پاکستان کی افواج نے سوموار کو ضلع راجوری میں کنٹرول لائن پر ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔ فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے آج صبح سندربنی سیکٹر میں'' کسی اشتعال کے بغیر'' بھارتی چوکیوں کو گولیوں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔ اس فائرنگ کی زد میں آکر ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ فوجی ترجمان نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت کی فوج پاکستانی فائرنگ کا ''مؤثر'' جواب دے رہی ہے۔    

کشتوار میں پی ڈی پی کا مظاہرہ، احتجاجی گرفتاریاں پیش کرنے کی دھمکی

سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی)  کے کارکنوں نے کشتوار میں سوموار کو اپنے ایم ایل سی ، فردوس ٹاک پر کیس درج کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر ٹاک کیخلاف درج کیس واپس نہیں لیا گیا تو وہ احتجاجی طور گرفتاریاں پیش کریں گے۔ پی ڈی پی کے بیسیوں کارکنوں نے پولیس سٹیشن کشتوار کے باہر جمع ہوکر مظاہرہ کیا اور انتظامیہ پر الزام عاید کیا کہ وہ ایک خاص سیاسی پارٹی کے دبائو میں آکر کام ررہی ہے۔ مظاہرین نے ٹاک کیخلاف دائر کیس واپس لینے کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وہ اجتماعی گرفتاریاں پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ اس ماہ کی20تاریخ کو پولیس نے ٹاک کیخلاف''اشتعال انگیز''تقریر کرنے کی پاداش میں کیس درج کرلیاتھا۔ انہوں نے یہ تقریر کشتوار میں ''دیہی دفاعی کمیٹیوں'' کو مضبوط بنانے کیخلاف احتجاج کرتے

راجوری میں کنٹرول لائن پر ہند۔پاک افواج کے مابین گولیوں کا تبادلہ

سرینگر/بھارت اور پاکستان کی افواج نے سوموار کو ضلع راجوری میں کنٹرول لائن پر ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے آج صبح سندربنی سیکٹر میں'' کسی اشتعال کے بغیر'' بھارتی چوکیوں کو گولیوں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی فوج پاکستانی فائرنگ کا ''مؤثر'' جواب دے رہی ہے۔  

محبوس سرجان برکاتی کے رشتہ داروں کا شوپیان میں احتجاج، رہائی کا مطالبہ

سرینگر/سرجان برکاتی کے گھروالوں اور قریبی رشتہ داروں نے سوموار کو جنوبی ضلع شوپیان میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اُس کی رہائی کا مطالبہ دہرایا۔ سرجان ساکنہ ربن کو2016میں گرفتار کیا گیا اور فی الوقت وہ جموں کے ایک جیل میں ایام اسیری کاٹ رہا ہے۔ سرجان کے احتجاجی گھروالے اور قریبی رشتہ دار، جو پلے کارڈ اٹھائے تھے، نے شوپیان کی جامع مسجد کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ وہ حکام سے مطالبہ کررہے تھے کہ سرجان کو فوری طور رہا کیا جائے۔  

امرناتھ گپھا میں21دن کے دوران2.70لاکھ یاتریوں کے درشن

سرینگر/حکام نے سوموار کو بتایا کہ کم و بیش پونے تین لاکھ یاتریوں نے اس سال کی امرناتھ یاترا کے پہلے21روز کے دوران گپھا میں شیو لنگم کے درشن کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہی مزید3,178یاتری جموں سے وادی کی طرف روانہ ہوگئے۔ امرناتھ شرائن بورڈ حکام کے مطابق یکم جولائی سے شروع ہونے والی یاترا کے دوران اب تک پہلے 21ایام میں کل ملاکر2,72,004یاتریوں نے گپھا میں جاکر شیو لنگم کے درشن کئے ہیں۔ اس دوران پولیس کے مطابق آج جموں سے 3,178 یاتری وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوگئے جن میں1,455بال تل جبکہ3,178پہلگام کے راستے گپھا کا سفر کریں گے۔ اس سال امرناتھ یاترا کا اختتام15اگست کو ہوگا۔  

شمالی کشمیر کے سوپور میں لڑکی کی لٹکتی لاش بر آمد

 سرینگر/شمالی کشمیر کے سوپور میں ایک18سالہ لڑکی کو اُس کے گھر کے اندر مردہ پایا گیا۔ یہ واقعہ گذشتہ رات دیر گئے پیش آیا اور بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ لڑکی نے خود کو پھانسی دیکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق کرالہ ٹینگ کی لڑکی کی لٹکتی لاش اُس کے گھر سے بر آمد کی گئی۔  

رامبن میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری،میاں بیوی جاں بحق، چار دیگر زخمی

سرینگر/ضلع رامبن میں سنیچر کو سڑک کے حادثے میں میاں بیوی جاں بحق جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اُکھرال تحصیل میں اُس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری۔ اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی شراوادھار یاترا سے لوٹ رہی تھی اور جونہی یہ بنجونی کے مقام پر پہنچی تو یہ لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار 50سالہ سرجیت سنگھ اور اس کی بیوی کوشلیا دیوی، ساکنان کوٹ پوگل کو زخمی حالت میں پبلک ہیلتھ سینٹر اُکھرال پہنچایا گیا  جہاں اُنہیں مردہ قرار دیا گیا۔ اس حادثے میں ڈرائیور سمیت مزید چار افراد زخمی بھی ہوگئے جنہیں رامبن کے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔  

چار دن میں مزیدچھ یاتریوں کی موت ، مرنے والوں کی مجموعی تعداد22پہنچ گئی

سرینگر/حکام نے سنیچر کو بتایا کہ گذشتہ چار روز میں جاری امر ناتھ یاترا کے دوران مزید چھ افراد کی موت واقع ہونے سے اس سال یاترا کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد22ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق گذشتہ چار روز میں چھ یاتری امرناتھ یاترا کے دوران کئی وجوہات کی بنا پر جاں بحق ہوگئے۔ حکام نے کہا کہ اس سال امر ناتھ یاترا کے دوران اب تک مرنے والوں میں 18یاتری،2رضاکار اور2فورسز اہلکار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کم و بیش30افراد کو یاترا کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر چوٹیں آئی ہیں۔ اس سال امر ناتھ یاترا یکم جولائی کو شروع ہوئی جو 15اگست تک جاری رہے گی۔ چونکہ امرناتھ شرائن اُونچائی پر واقع ہے اس لئے لوگ اکثر وہاں آکسیجن کی کمی کی شکایت کرتے ہیں۔  

محبوبہ نے پی ڈی پی کی پولٹیکل افیئرس کمیٹی تحلیل کی

 سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سنیچر کو اپنی پارٹی کی پولٹیکل افیئرس کمیٹی(پی اے سی) کو تحلیل کردیا۔ پارٹی کے ایک ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی اے سی کا از سر نو قیام ماضی قریب میں عمل میں لایا جائے گا۔ بیان میں تاہم پارٹی صدر کی اس کارروائی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔  

امرناتھ یاترا2019:گپھا میں19دن کے دوران2.38لاکھ کے درشن

سرینگر/ حکام نے سنیچر کو کہا کہ اس سال جاری امر ناتھ یاترا کے دوران اب تک گذشتہ19دنوں کے دوران2.38لاکھ یاتریوں نے گپھا میں شیو لنگم کے درشن کئے ہیں۔  اس سال کی امرناتھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگئی اور یہ15اگست تک جاری رہے گی۔ حکام کے مطابق آج مزید4,094یاتری جموں سے کشمیر کی طرف روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ یاترا روایتی پہلگام روٹ اور بالہ تل سے کی جاتی ہے اور دونوں طرف سے جانے والے یاتریوں کے لئے حفاظت کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔  

ککر ناگ علاقے میں45سالہ شہری کی لاش بر آمد

 سرینگر/جنوبی ضلع اننت ناگ کے ککر ناگ علاقے میں سنیچر کو ایک45سالہ شہری کی لاش بر آمد کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نظام الدین خان ولد تاج محمد خان ساکنہ چونٹ واڑ ،پنز گام کی لاش آج صبح شیو ناڑ علاقے میں بر آمد کی گئی۔ مہلوک شہری پیشے سے ایک کسان تھا اور اُس کی لاش کو قانونی لوازمات پوری کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کیا گیا ہے۔    

ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں فورسز کا محاصرہ اور تلاشی آپریشن

سرینگر/سیکورٹی فورسز نے سنیچر کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔ فورسز کی یہ کارروائی ڈورو علاقے کے ایک گائوں میں عمل میں لائی گئی جہاں فورسز کو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ ذرائع کے مطابق فوج اور ایس او جی اہلکاروں نے مشترکہ طور ڈورو علاقے میں واقع محمود آباد گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیاہے۔ گائوں کی طرف جانے والے سبھی راستوں کو سیل کیا گیا ہے جہاں گھر گھر تلاشیوں کا سلسلہ آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔  

راجوری اور پونچھ میں کنٹرول لائن پر ہند۔پاک افواج کے مابین بھاری فائرنگ کا تبادلہ

سرینگر/بھارت اور پاکستان کی افواج نے سنیچر کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں کنٹرول لائن پر ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو بھاری فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ کراس کنٹرول لائن فائرنگ کے یہ واقعات نوشیرا اور مینڈھر سیکٹروں میں پیش آئے۔ اطلاعات کے مطابق نوشیرا سیکٹرکے بابا کھوری اور کرشنا گھاٹی سیکٹرکے منکوٹ علاقوں میں آج صبح طرفین کے مابین بھاری گولی باری کا تبادلہ ہوا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں طرف کی افواج نے ایک دوسرے کیخلاف ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ تاہم ابھی تک کسی بھی طرف سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔  

بانہال کے لاپتہ تاجر کی لاش اُدھمپور سے بر آمد

سرینگر/بانہال علاقے میں ٹھاٹھری کے رہنے والے لاپتہ تاجر کی لاش جمعہ کو اُدھمپور ضلع سے بر آمد کی گئی ہے۔ غلام رسول وانی ساکنہ ٹھاٹھری گذشتہ کئی روز سے لاپتہ تھا اور وہ بھیڑ بکریوں کا تاجر تھا ۔ واضح رہے کہ آج بانہال قصبہ میں مذکورہ تاجر کے پُر اسرار طور لاپتہ ہونے کیخلاف احتجاجی ہڑتال کی جارہی تھی۔ اسی اثناء میں پولیس ذرائع نے کہا کہ مذکورہ تاجر کی لاش ضلع اُدھمپور سے بر آمد ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق50سالہ غلام رسول وانی ساکنہ ٹھاٹھری12جولائی سے لاپتہ تھا۔ وانی اُدھمپور کے ٹکری علاقے سے لاپتہ ہواتھا جہاں وہ بھیڑ بکریاں خریدنے گیا تھا۔  

سرینگر میں کمسن لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے تین افراد حراست میں: پولیس

 سرینگر/پولیس نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا کہ سرینگر پولیس نے جھیل ڈل کے اندر ایک کمسن دوشیزہ کے ساتھ غیر شائستہ حرکات انجام دینے والے تین افراد کو حراست میں لیاہے ۔ بیان کے مطابق پولیس اسٹیشن نگین کو شکایت موصول ہوئی کہ ایک کمسن دوشیزہ کے ساتھ جھیل ڈل میں حضرت بل کے نزدیک غیر شائستہ حرکات انجام دی جارہی ہیں۔  چنانچہ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے واقعہ میں ملوث دو افراد جن کی شناخت توحید احمد میر ولد شوکت احمد میر اور احسان الحق ولد شوکت احمد یتو ساکنان صدر بل کے بطور ہوئی ہے، کی گرفتاری عمل میں لاکر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ پولیس کے مطابق تاہم گرفتار شدگان کا اور ایک ساتھی بلال احمد ڈار عرف کلہ ولد غلام نبی ڈار ساکنہ درگاہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔ البتہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بر

گاندربل میں نشہ آور ادویات سمیت ایک شخص گرفتار :پولیس

سرینگر/پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں جمعرات کو بتایا گیا ہے کہ گاندربل پولیس نے واری پورہ صفا پورہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران محمد ابراہیم بٹ ولد محمد رمضان بٹ ساکنہ واری پورہ صفا پورہ کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے 19کوڈین بوتلیں برآمد کرکے ضبط کی گئیں۔ بیان کے مطابق پولیس نے مذکورہ منشیات فروش کو حراست میں لے کر اس کے خلاف صفا پورہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

سوپور میں منشیات فروش گرفتار ، نشہ آور ادویات ضبط :پولیس

سرینگر/پولیس نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا کہ سوپور پولیس نے ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے نشہ آور ادویات کی ٹکیاں برآمد کرکے ضبط کیں۔ بیان کے مطابق سوپور پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد خوشحال کالونی سوپورکے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران منشیات فروش ،دانش احمد گوجری ولد محمد رجب گوجری ساکنہ بڈ شاہ مسجد بٹہ پورہ سوپور کو روک کر اس کی جامہ تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے 210نشیلی ادویات کی ٹکیاں برآمد ہوئیں۔  پولیس ٹیم نے موقع پر ہی مذکورہ منشیات فروش کو دھر دبوچ کر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی۔  

اوڑی میں آوارہ کتوں کے حملے میں این ایچ پی سی کے دو ملازم زخمی

اوڑی/ شمالی قصبہ اوڑی کے سلام آباد علاقے میں جمعہ کو محکمہ این ایچ پی سی(دوم)کے دو ملازمین آورہ کتوں کے حملے میں زخمی ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ جب یہ ملازمین سلام آباد اوڑی میں این ایچ پی سی پاور پرجیکٹ میں ڈیوٹی پر جا رہے تھے تو اسی اثناء میں آوارہ کتوں کے ایک جھنڈنے ان پر حملہ کر کے اُنہیں زخمی کر دیا ۔ زخمی ملازمین کو علاج و معالجہ کے لئے سب ضلع اسپتال اوڑی پہنچایا گیا ہے جہا ں پر انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعدروانہ کیا گیا ۔ مذکورہ زخمی افراد کی شناخت مشتاق احمد بابا ساکنہ ترال اور الطاف احمد آوان ساکنہ سلام آباد اوڑی کے بطور ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے قصبہ اوڑی کے ایک علاقے میں آوارہ کتوں نے 3 خواتین اور 3 طلبہ سمیت 18 افراد کو زخمی کیا تھا۔  آوارہ کتوں کے  لوگوں  پرمسلسل حملوں سے اُوڑی اور ملحقہ علاقوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔  

تاجر کے پُر اسرار طور لاپتہ ہونے کیخلاف بانہال میں احتجاجی ہڑتال

سرینگر/بانہال قصبہ میں جمعہ کو ایک مقامی تاجر کے پُر اسرار طور لاپتہ ہونے کیخلاف احتجاجی ہڑتال کی جارہی ہے۔ مذکورہ لاپتہ شہری بھیڑ بکریوں کا تاجر ہے۔ اطلاعات کے مطابق50سالہ غلام رسول وانی ساکنہ ٹھاٹھری12جولائی سے لاپتہ ہے۔ وانی اُدھمپور کے ٹکری علاقے سے لاپتہ ہوا ہے جہاں وہ بھیڑ بکریاں خریدنے گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق بانہال قصبہ اور ملحقہ علاقے میں دکان اور کاروباری ادارے بطور احتجاج بند ہیں۔ مقامی لوگوں نے ٹھاٹھری اور بانہال میں لاپتہ شہری کی بازیابی کے حق میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے ۔  

جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں فورسز محاصرہ، تلاشی آپریشن

سرینگر/سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو ضلع اننت ناگ کے سیر ہمدان علاقے کو محاصرے میں لیکر وہاں تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کی طرف سے مشترکہ طور عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی سبھی سڑکیں عبور و مرور کیلئے بند کی گئی ہیں۔ سیر ہمدان کھنہ بل۔پہلگام روڑ پر قصبہ اننت ناگ سے 15کلو میٹر دوری پر واقع ہے۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری تھا۔