درگاہ حضرتبل سمیت وادی میں

معراج العالم کی کوئی تقریب منعقد نہیں ہوئی

24 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر//کورونا وائرس کے پیش نظر وادی میں معراج العالمؐ کی مناسبت سے کوئی اجتماعی تقریب منعقد ہوئی نہ موئے مقدس ؐکی نشاندہی کی گئی،تاہم مساجدوں میں مختصر سی تقریب دیکھنے کو ملی۔وقف بورڈنے پہلے ہی معراج العالمؐ کی مناسبت سے وادی میں تقاریب ،شب خوانی اور موئے مقدس ؐکی نشاندہی کرنے کی عوامی تقریبات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ درگاہ حضرت بل سمیت دیگر مساجدوں، خانقاہوں اور آستانوں میں شب معراج پر شب خوانی کی اجتماعی مجالس کا انعقاد نہیں ہوا۔ پیر کو بھی درگاہ حضرت بل میں کوئی بھی بڑی تقریب نہیں ہوئی اورنہ ہی موئے مقدسؐ کی نشاندہی ہوئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لاوڈ سپیکروں کے ذریعے اعلانات کئے گئے کہ کورنا وائرس کے باعث درگاہ حضرت بل میں نماز پنجگانہ ادا نہیں ہوگی جبکہ موئے مبارک ؐکی بھی نشاندہی نہیں کرائی جائے گی کیونکہ پوری وادی میں دفعہ 144سختی کے ساتھ نافذ ہے۔ سوموارکودرگاہ حضرت بل کے اردگرد علاقوں کوخار دار تار سے سیل کیا گیا تھا اور لوگوں کے چلنے پھرنے پر پوری طرح سے پابندی عائد رہی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل کو سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شام ہی سیل کیا تھا جس دوران کسی بھی شخص کو آستانہ عالیہ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ جناب صاحب صورہ،آثار شریف کلاشپورہ میں بھی موئے مقدس کی نشاندہی نہیں کی گئی،اور ناہی کوئی بڑی تقریب منعقد ہوئی۔ پنجورہ میں تاہم مختصر تقریب منعقد ہوئی،جس میں80سے100افراد نے شرکت کی،جس کے دوران موئے مقدس کی نشاندہی بھی کی گئی۔ 
 

تازہ ترین