سکمز میں مزید 2افراد داخل،3 رخصت | خانیار کی متاثرہ خاتون کیساتھ سفر کرنیوالے 20 افراد زیر نگرانی

23 مارچ 2020 (00 : 12 AM)   
(      )

پرویز احمد
سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں اتوار کو مزید 2افراد کو آئیسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا جبکہ قرنطینہ میں 14دن مکمل کرنے والے 3افراد کو گھر روانہ کردیا گیا ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’اتوار کی شام میاں بیوی کوآئیسولیشن وارڈ  میں داخل کیا گیا جن کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں‘‘۔  ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ 14دن مکمل کرنے والے 3افراد کو گھر روانہ کردیا گیا ہے جبکہ ابھی بھی 13افراد اسپتال میں زیرنگرانی ہیں۔ ادھراتوار کو مزید327افراد  وادی لوٹ آئے، جن میں 170افراد کو گھروں میں ہی طبی نگرانی میں رکھا گیا  جبکہ 9افراد کو اسپتال منتقل کرنا پڑا ۔ محکمہ صحت کے ا عدادوشمار کے مطابق اتوار کو 3 افراد کے نمونے حاصل کرکے تشخیص کیلئے بھیج دئے گئے ہیں۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے زیر نگرانی کام کرنے والے سی ڈی اسپتال میں اتوار کو آئیسولیشن وارڈ میں 3افراد کو داخل کیا گیا ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم ٹاک نے بتایا ’’قرنطینہ میں موجود 14افراد میں سے 4کو گھر روانہ کردیا گیا کیونکہ ان چاروںکی تشخیصی رپورٹ منفی آئی تھی‘‘۔ادھر سرینگر چیف میڈکل آفیسر سرینگر ڈاکٹر طلعت جبین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ کرونا وائرس سے متاثرہ خانیار کی خاتون کیساتھ طیارے میں بیٹھنے والے 29افراد کی فہرست موصول ہوئی ہے اور ان میں سے 20کو طبی نگرانی میں لے لیا گیا ہے لیکن ابھی چند ایک کو نگرانی میں لینا باقی ہے‘‘۔ ادھرحکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلٹین میں بتایا گیا ہے کہ نوبل کورونا وائیرس ( کووڈ 19 ) کے خطرات کے مدِ نظر 2727  افراد کو گھریلو کورنٹین میں رکھا گیا ہے جبکہ 59  افراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے اس کے علاوہ 3938  افراد جنہیں مشتبہ پایا گیا ،کو نگرانی میں رکھا گیا ہے اور اب تک جموں کشمیر میں صرف 4 معاملات مثبت پائے گئے ۔ گھریلو نگرانی میں 690  افراد کو رکھا گیا ہے جبکہ 462  افراد نے 28 روزہ نگرانی کی مدت مکمل کی ہے ۔ بلٹین میں مزید کہا گیا ہے کہ 240 نمونوں کو تشخیص کیلئے بھیجا گیا جن میں سے 229 ٹیسٹ منفی پائے گئے جبکہ 4 معاملات مثبت پائے گئے اس کے علاوہ 22 مارچ 2020 تک 7 معاملات کی رپورٹ آنا باقی ہے ۔ دریں اثنا نوبل کورونا وائیرس بیماری سے متعلق اطلاعات اور رہبری حاصل کرنے کیلئے 24 گھنٹے جاری رہنے والی قومی سطح پر ہیلپ لائین نمبر 1075 شروع کی گئی ہے ۔ جموں کشمیر حکومت نے بھی ہیلپ لائین نمبر 0191-2549676 ( جموں کشمیر کیلئے کیلئے ) ،,01912674444,01912674115 0191-2520982 ( صوبہ جموں ) ، 0194-2440283 اور 0194-2430581 ( صوبہ کشمیر ) کیلئے قائم کئے ہیں ۔ حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ایڈوائیزری کے مطابق نوبل کورونا وائیرس کیسوں کا عالمی سطح پر اضافے کے مدِ نظر طلبا و دیگر مسافروں کی بڑی تعداد اپنے گھروں کو لوٹ رہی ہے اس لئے ان تمام لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ٹریول ہسٹری کے بارے میں حکومت کو جانکاری دیں اور سیلف ڈیکلریشن فارمیٹ پُر کریں جو انہیں مقرر شدہ ہیلپ ڈیسک کاؤنٹروں پر دستیاب رکھے گئے ہیں ۔
 

تازہ ترین