تازہ ترین

پٹھانکوٹ میں پولیس کا خصوصی ناکہ قائم | جموں میں مکمل لاک ڈائون

خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب میں بھی کورونا کا خوف برقرار

22 مارچ 2020 (00 : 12 AM)   
(   عکاسی: امان فاروق    )

سید امجدشاہ
جموں //کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے جموں میں دوسرے روز بھی مکمل طور پر لاک ڈائون رہا جبکہ خطہ پیرپنچال اور خطہ چناب سمیت دیگر اضلاع میں بھی ایسی ہی صورتحال دیکھی گئی ۔جہاں ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا وہیں تجارتی سرگرمیاں پوری طرح سے ٹھپ رہیں اور تعلیمی ادارے بھی مسلسل بندپڑے ہیں ۔جموں شہر میں لاک ڈائون کا دوسراروز تھا جس دوران لازمی خدمات والی دکانوں کے سوا تمام تجارتی مراکز اور دکانیں بند رہیں اور بازاروں کا بہت ہی کم تعداد میںلوگوں نے رخ کیا ۔شہر و گردونواح میں پبلک ٹرانسپورٹ سرے سے غائب رہا اور اگر کہیں کوئی بھی گاڑی چلانے کی کوشش کی گئی تواسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے روک کر قانونی کارروائی عمل میں لائی ۔کٹھوعہ ضلع میں پہلے سے ہی دفعہ 144نافذ ہے جبکہ پولیس نے ’انٹری پوائنٹ ‘لکھن پور میں خصوصی ناکہ قائم کیاہے ۔ایک افسر نے بتایاکہ بیرون جموں و کشمیر سے آنے والی تمام بین الریاستی بسوں کو لکھن پور کے مقام ہی روک لیاجاتاہے اور انہیں جموں کی طرف آنے کی اجازت نہیں دی جاتی ،اس طرح سے یہ بسیں مسافروں کو وہیں چھوڑ کر واپس جاتی ہیں ۔حیران کن طور پر جب پڑوسی اضلاع میں مکمل طور پر لاک ڈائون تھا تو سانبہ میں پبلک ٹرانسپورٹ چلتانظرآیااوردکانیں کھلی پائی گئیں جسے دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر روہت کھجوریہ نے پولیس کو مکمل شٹ ڈائون کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور بعد سہ پہر اس ہدایت پر عمل کیاگیا۔وہیں اودھمپور ،کشتواڑ، ڈوڈہ ، رام بن ، ریاسی ، پونچھ اور راجوری میں بھی ایسی ہی صورتحال تھی اور نہ پبلک ٹرانسپورٹ چلا اور نہ ہی دکانیں کھلیں۔ حکام کی طرف سے لوگوں کو اپیل کی گئی کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں اور اپنی حفاظت کے اقدامات کو یقینی بنائیں ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر رام بن ناظم ضیا خان چھٹی پر گئے ہوئے ملازمین وافسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر ڈیوٹی جوائن کریں ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہنگامی خدمات پر مامور افسران اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات پر تعینات ملازمین وافسران اتوار کے سواکسی بھی گزیٹیڈ تعطیل کا فائدہ نہیں اٹھاسکتے ۔