تازہ ترین

گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں کلاسوں کا افتتاح کر دیا گیا

4 اگست 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سمت بھارگو
 
راجوری//ریاستی انتظامیہ کی جانب سے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں کلاس ورک کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔راجوری میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گور نر کے مشیر کے وجے کمار کی جانب گورنر کے صلاحکار کے کے شرما اور کے سکندن ، صحت و طبی تعلیم محکمہ کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈولو وودیگران کی موجود گی میں کالج کا افتتاح کیا گیا ۔اس موقعہ پر ایم ایل سی وبود گپتا ، ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد، ایس ایس پی یگل منہاس اور جی ایم سی کے پرنسپل کلدیپ سنگھ کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے ۔ اپنے استقبالیہ خطبے میں جی ایم سی کے پرنسپل نے کہا کہ پروجیکٹ کیلئے 139 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میںڈیجیٹل لائبریری کے قیام اور کیمپس کو وائی فائی بنانے کا عمل جاری ہے ۔ صحت و طبی تعلیم محکمہ کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈولو نے ایم بی بی ایس کیلئے داخلہ لینے والے طالب علموں اور کالج کی فیکلٹی کے ممبران کو مبارکباد دی ۔ کالج کے افتتاح کو راجوری اور پونچھ میں دستیاب طبی سہولیات میں ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر ریاست میں قائم کئے جا رہے تمام نئے میڈیکل کالجوں کو جلد از جلد شروع کرنے کے خواہاں ہیں اور نئے پانچ میڈیکل کالجوں میں سے آج تک چار کو مکمل طور شروع کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم سی میں ڈی این بی اور بی ایس سی پیرا میڈیکل کورسز شروع کئے جائیں گے ۔ اپنے خطاب میں کے کے شرما نے کالج میں تدریسی عمل شروع کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ اور کالج کے پرنسپل کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ضلع بھر میں دستیاب طبی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر انتظامیہ طالب علموں کو جدید طبی تعلیم فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔ کے سکندن نے ایم بی بی ایس طالب علموں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں محنت اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور تعلیم کو حاصل کرنا مشکل نہیں ہے انہوں نے طالب علموں سے تلقین کی کہ وہ ٹیکنالوجی کا مناسب استعمال کریں ۔ کے وجے کمار نے اپنے خطاب میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے والے طالب علموں سے کہا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں کو قبول کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سماج کی تعمیر اور لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں ایک اہم اور بنیادی رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کالج میں تدریس اور تحقیق کے تعلق سے تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقعہ پر طالب علموں کو سماج کی بے لوث خدمت اور فرایض کی احسن طریقے پر انجام دہی کیلئے حلف دلایا گیا ۔ حلف گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کی کوارڈینیشن کے ڈائریکٹر یشپال شرما نے دلایا ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز اسد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔