تازہ ترین

گرتے پتھروں اور ہلکی بارشوں کے باوجود شاہراہ پرٹریفک جاری

پنتھیال میں پسی کی زد میں ٹریکٹر آنے سے ڈرائیور زخمی

2 اگست 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

محمد تسکین
بانہال // ابر آلود موسم ، ہلکی ہلکی بارشوں اور پنتھیال کے مقام پتھر گرنے کے واقعات کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت مجموعی طور معمول کے مطابق چلتی رہی تاہم پنتھیال کی پسی میں ایک ٹریکٹر گرتے پتھروں کی زد میں آیا جس کی وجہ سے ٹریکٹر ڈرائیور زخموں کے ساتھ بچ نکلا۔ ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر بانہال امتیاز خطیب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح سے ہی موسم ابرالود تھا اور رام بن۔ بانہال سیکٹر میں جمعرات کی دوپہر تک ہلکی ہلکی بارشیں اور بونداباندی بھی ہوئی اور پنتھیال کے مقام پتھر بھی گر آئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت کئی بار کچھ وقفے کیلئے متاثر رہی۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر بعد موسم میں بہتری آئی اور گرتے پتھر بھی تھم گئے اور ٹریفک کی نقل وحرکت معمول کی طرح بحال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر جمعرات کو مال بردار ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جنوں کی طرف جبکہ مسافر گاڑیوں کو دو طرفہ طور چلنے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جموں سے امرناتھ یاترا کو چلنے کی اجازت نہیں تھی تاہم امرناتھ سے واپس آنے والی گاڑیوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال کی پسی میں جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے والا ایک ٹریکٹر گرتے پتھروں کی زد میں آیا جس کی وجہ سے ٹریکٹر ڈرائیور شدید زخمی اور اس کے ٹریکٹر کو بھی نقصان پہنچا۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ زخمی ڈرائیور کو پنتھیال کی پسی سے گرتے پتھروں سے نکالنے کے بعد اسے رامسو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے اسے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ رامسو ہسپتال ذرائع نے زخمی ٹریکٹر ڈرائیور کی شناخت 34 سالہ بلال احمد ولد محمد اکبر ساکنہ سرینگر کے طور کی ۔ ذرائع نے بتایاکہ بلال احمد کے سر میں چوٹ لگی اور اسے سی ٹی سکین وغیرہ کرنے کیلئے سرینگر منتقل کرنا پڑا ہے۔ رامسو پولیس نے ضابطے کے تحت کارروائی شروع کردی ہے۔