تازہ ترین

بڈگام میں پانچ نقب زن گرفتار،لاکھوں روپے کا مال مسروقہ برآمد:پولیس

1 اگست 2019 (49 : 12 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر /پولیس نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں پولیس نے نقب زنی کے کئی معاملے حل کرکے پانچ سارقوں کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مالہ مسروقہ ضبط کیا ۔

بیان کے مطابق بڈگام پولیس نے نقب زنوں کے ایک نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے چوری کی آٹھ وارداتوں میں ملوث پانچ افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مالہ مسروقہ برآمد کرکے ضبط کیا۔

پولیس نے کہا کہ حالیہ کچھ ایام میں چاڈورہ پولیس کو گاڑیاں ، موٹر سائیکل ، موبائیل فون اور دیگرقیمتی اشیاء چرانے کے ضمن میں شکایات موصول ہوئیں ۔ چنانچہ پولیس نے چاڈورہ پولیس سٹیشن میں مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کی۔

پولیس بیان کے مطابق چوری کی ان وارداتوں میں ملوث نقب زنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر ایس ڈی پی او چرار شریف نے ایس ایچ او کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا قیام عمل میں لایا۔ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خصوصی ٹیم نے پانچ مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی۔

 پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں شیراز احمد وانی ولد غلام حسن وانی ساکنہ چاڈورہ ، آزاد احمد وانی ولد غلام محمد ساکنہ برنہ وار ، ساہل منظور ولد منظور احمد ساکنہ چاڈورہ ، مشتاق احمد صوفی ولد علی محمد ساکنہ چاڈورہ اور عرفان شوکت ولد شوکت احمد میرساکنہ واتھورہ شامل ہیںجن کی پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ چوری کی ان وارداتوں میں مذکورہ افراد کا ہی ہاتھ ہے۔

بیان کے مطابق خصوصی ٹیم نے گرفتار شدگان کی نشاندہی پر لاکھوں روپیہ مالیت کا مالہ مسروقہ جس میں مارتی کار ، 5موٹر سائیکل ، موبائیل فونز اور دوسرا سازو سامان شامل ہیں ، برآمد کرکے ضبط کیا۔