تازہ ترین

سالانہ لیگ فٹبال ٹورنامنٹ | جموں کشمیر بنک نے لون اسٹارفٹبال کلب کوشکست دیدی

30 جولائی 2019 (00 : 12 AM)   
(      )

ارشاد احمد
سرینگر //سرینگر میں جاری سالانہ لیگ  فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ٹی آر سی گراونڈ کے مصنوعی ٹریف پر دو میچ کھیلے گئے جس میں پہلا میچ ویووئز فٹبال کلب اور سیفلو فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں ویووئز فٹبال کلب نے سیفلو فٹبال کلب کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔دوسرا میچ جموں کشمیر بنک آرچ ریوائیلز اور لون سٹار کشمیر فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا۔میچ شروع ہونے سے قبل ریاستی سرکار کے محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹری سرمد حفیظ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ساتھ تعارف کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شروع میں دونوں ٹیموں نے ایک خوبصورت اور جارحانہ کھیل پیش کیا جس میں میدان کے چاروں طرف موجود کھیل شائقین کی طرف سے معیاری فٹ بال کی نمائش کے لئے داد وصول کی گئی۔ میچ کے پہلے حصے کے 38 ویں منٹ میں جموں کشمیر بنک نے پہلا گول کرکے پہلی سبقت لے لی۔میچ کے دوسرے نصف  کے آغاز سے ہی لون سٹار کے ایف سی نے کچھ جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر بینک کی پوری دفاعی لائن بکھیر کر رکھ دی تاہم گول کرنے میں کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ اس موقع پر جموں کشمیر بنک نے جوابی کارروائی میں ایک عمدہ شاٹ لیا اور اسے کھلاڑیوں کی سوجھ بوجھ سے دوسرے گول میں تبدیل کردیا۔میچ کے آخری مرحلے میں جموں کشمیر بنک نے اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے اچھی چالیں چلیں جس کا نتیجہ آخرکار تیسرا گول کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔اس طرح جموں کشمیر بنک نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے میچ میں کامیابی حاصل کی۔میچ سے لطف اندوز ہونے کے لئے شائقین کی خاصی تعداد میدان میں موجود تھیں۔