تازہ ترین

بنگلہ دیش کے خلاف سری لنکا کی جیت کے بعد ملنگاکا یک روزہ انٹر نیشنل کو الوداع

28 جولائی 2019 (00 : 12 AM)   
(      )

یو این آئی
کولمبو/اپنے بالنگ ایکشن ، ہیئر اسٹائل اور یارکر سے دنیائے کر کٹ میں سری لنکا کا نام روشن کرنے والے اسٹار تیز گیند باز لستھ ملنگا ون ڈے کرکٹ سے شاندار انداز میں رخصت ہو گئے ۔ بنگلہ دیش سے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکن اسٹار لستھ ملنگا کو ون ڈے کرکٹ سے شاندار انداز میں رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر آرپریما داسا اسٹیڈیم کو بڑے خوبصورت انداز میں سجایاگیا تھا اور ان کی بڑی تصاویر اور کٹ آؤٹ گراؤنڈ میں مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے ، میچ کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا اہتمام بھی کیاگیا، ساتھی کھلاڑیوں نے ملنگا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ انھوں نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 38 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ملنگا نے کریئر کا اختتام 226میچز میں 338وکٹوں کے ساتھ کیا، حالیہ سیریز کے دیگر 2 میچز میں رائٹ آرم پیسر ڈوسان شناکا سری لنکا کی نمائندگی کریں گے ۔ لستھ ملنگا جاتے جاتے بھی سری لنکا کو فتح کا تحفہ دے گئے ، انھوں نے اپنے الوداعی میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں، پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کو91 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،فاتح ٹیم کے کوشل پریرا نے سنچری بنائی جبکہ نوان پردیپ نے بھی3کھلاڑیوں کو میدان آؤٹ کیا۔ناکام سائیڈ کے مشفق اور صابررحمن کی نصف سنچریاں کسی کام نہ آئیں۔ سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیتنے پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،ٹیم نے کوشل پریرا کی برق رفتار سنچری سے تقویت پاکرمقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 314 رنز بنائے ، پریرا نے 17چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 99 گیندوں پر111رنز اسکور کئے ، یہ ان کی پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل سنچری ثابت ہوئی، پریرا کو 49 کے انفرادی اسکور پر ایک چانس ملا، تھرڈ امپائر نے شفیع کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ کا فیصلہ تبدیل کردیا۔ پریرا اورکرونارتنے کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 97 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ اس میں کرونا رتنے کا حصہ 36رنز رہا، پریرا نے پھر تیسرے وکٹ کیلئے کوشل مینڈس کے ساتھ مزید100 رنز کا اضافہ کیا، مینڈس 43رنز بناکر پویلین واپس لوٹے ،اس سے قبل مینڈس کو28 کے اسکور پر موقع میسر آیا، جب سومیہ سرکار کی گیند پر محموداللہ نے کیچ ڈراپ کردیا،میتھیوز 48 اور تھریمانے 25 رنز بناکر نمایاں رہے ، شفیع الاسلام نے 3 اور مستفیض الرحمن نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ جوابی اننگز میں بنگال ٹائیگرز 41.4 اوورز میں 223 رنز پر حوصلہ ہارگئے ، مشفق 67 اور صابر رحمن 60 رنز کی کاوشیں ٹیم کو فتح دلانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئیں، ونڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کے 14 ویں کپتان کا اعزاز پانے والے تمیم اقبال صفر کی خفت سے دوچار ہوئے ، نووان پردیپ اور لستھ ملنگا نے 3،3 وکٹیں لیں، دھننجیہ ڈی سلوا نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔