تازہ ترین

گور نمنٹ مڈل سکول اُپر سیلانی ،ٹیچروں پرسکول میں جلد ی چھٹی کرنے کا الزام

28 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جاوید اقبال
مینڈھر //گور نمنٹ مڈل سکول اُپر سیلانی میں ٹیچروں کی جانب سے طلباء کو جلدی چھٹی کرنے کے معاملہ پر مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔منکوٹ بلاک کی پنچایت سیلانی کے سرپنچ خالد چوہدری نے بتایا کہ سرکاری سکول میں تعینات ٹیچر اپنی سہولیات کیلئے بچوں کو جلد ی چھٹی کر کے گھر چلے جاتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مڈل سکول میں اس وقت سو کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ سنیچر کے روز ٹیچروں نے 12:30بجے چھٹی کر کے گھر چلے گئے ۔انہوں نے کہاکہ ایک ممبر کے ہمراہ انہوں نے ایک بجے کے قریب سکول کا معائینہ کیا تو تب سکول ہی تالا بند تھا ۔انہوں نے کہاکہ سکول میں تعینات ٹیچر جان بوجھ کر بچوں کا مستقبل خراب کررہے ہیں جبکہ محکمہ ایجوکیشن کے اعلیٰ آفیسران پسماندہ و دیہی علا قو ں میں قائم سکولوں میں بچوں کو فراہم کی جارہی تعلیم و دیگر سہولیات کی جانب کوئی توجہ نہیں دیتے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گور نمنٹ مڈل سکول اُپر سیلانی میں تعینات اساتذہ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ بچوں کو مقرر کردہ اوقات میں تعلیم فراہم کی جائے ۔اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ معاملہ کی تحقیقات کی جائے گی او ر اگر معاملہ سامنے آیا تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔