تازہ ترین

ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش

مودی نے بھی کہا تھا مسئلہ کشمیر کے حل میں معاونت کرے: امریکی صدر

23 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
 واشنگٹن// امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت میں ثالثی کی پیشکش کردی۔وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور اجلاس کیلئے اندر چلے گئے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے متعلق پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے حوالے سے ہماری بہت معاونت کررہا ہے، ہم افغانستان سے نکلنا چاہتے ہیںکیونکہ امریکہ دنیا کا پولیس والا نہیں بننا چاہتا۔ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت میں ثالثی کی پیشکش بھی کی۔انکا کہنا تھا’’ ہوسکتا ہے کہ امریکہ بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں تنائو دور کرنے کیلئے مصالحت کرے‘‘۔عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ سے کہیں گے کہ کیا وہ بر صغیر میں امن قائم کرنے میں اپنا رول ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے عمران خان سے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے میں کوئی مدد کرسکتا ہوں تو مجھے آگاہ کریں۔امریکی صدر نے کہا کہ 'بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اُن سے کہا تھا کہ امریکا مسئلہ کشمیر کے حل میں معاونت کرے، مجھے ثالث بننے میں خوشی ہوگی'۔عمران خان سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات شروع کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔