تازہ ترین

وجے کمار نے ناجائیز تجاوزات کیخلاف مہم کیلئے اہداف مقرر کرنے کی ہدایت دی

جموں خطہ میں محکمہ جنگلات کی کارکردگی کا جائیزہ لیا

23 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//گورنر کے مشیر وجے کمار نے افسروں کی منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران جموں خطے کے مختلف فارسٹ ڈویثرنوں کی کارکردگی کا جائیزہ لیا۔میٹنگ کے دوران خطے میں شجرکاری مہم، ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری مہم کی پیش رفت،خستہ حال جنگلات کی بحالی، جنگلاتی خلاف ورزیوں اوران کے خلاف کی جارہی کاروائیوں کا جائیزہ لیا گیا۔میٹنگ میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ڈی ایف اوز کی جانب سے زمینی سطح پر انجام دی جارہی کارکردگی پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ ان افسروں کی طر ف سے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے، فیلڈ میں جانے، لوگوں سے ملاقات کر کے ان کی شکایات کا ازالہ کرنے اور ان علاقوں میں جنگلات سے متعلق خلاف ورزیوں کی روکتھام کرنے پر بھی غور وخوض کیا گیا۔مشیر موصوف نے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انفورسمنٹ وِنگ کو مستحکم کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ خطہ کی جنگلاتی اراضی میں ناجائیز تجاوزات کے خلاف مہم میں مزید تیزی لائیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں متعلقین کو تمام ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے جنگلات کی چوری پر قابو پانے اور اسے تحفظ دینے کے لئے جنگل چوروں کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت دی۔مشیر موصوف نے محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں بطور نوڈل افسر کام کریں اور دیگر محکموں کے اشتراک سے شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے محکمہ کے افسروں سے کہا کہ وہ ڈی پی سی منعقد کر کے ملازمین کی ترقیوں کو وقت پر یقینی بنائیں۔میٹنگ میں چیف کنزرویٹر فارسٹ جموں سمیر بھارتی، ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار، کنزرویٹر فارسٹ ایسٹ سرکل سیمول چنگکیجا، کنزویٹر فارسٹ ویسٹ سرکل موہن داس اور کنزویٹر فارسٹس چناب سرکل ست پال نے شرکت کی۔