تازہ ترین

سوپور، شوپیان اوررام بن میں دلدوز سڑک حادثات | 5افراد لقمۂ اجل

بٹوت میں ٹا ٹا موبائل گاڑی دو ٹرکوں کے بیچ آکر پس گئی

22 جولائی 2019 (26 : 12 AM)   
(      )

غلام محمد +ایم ایم پرویز
سوپور +رام بن //شوپیان ، سوپور اوررام بن ضلع میں دلدو ز سڑک حادثات میں 5افراد لقمہ اجل بن گئے ۔55 سالہ غلام محمدوارولدغلام قادر ساکن وارپورہ سوپور سڑک کنارے چل رہاتھاکہ ایک تیز رفتارموٹرسائیکل نے اسکو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا ۔ خون میں لت پت غلام محمدوارکوفوری طورپرسب ڈسٹرکٹ اسپتا ل سوپورمنتقل کیاگیاتاہم یہاں موجود ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعدہی اُسے مردہ قراردے دیا۔اس دوران شوپیان میں ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان اپنی زندگی کھوبیٹھا۔معلوم ہواکہ 18سالہ نوجوان مونس شبیر ولدشبیراحمدساکن گابرپورہ ہال شوپیان اسکوٹی پرکہیں جارہاتھاکہ سندئوشرمال شوپیان کے نزدیک ایک تیزرفتارتیل ٹینکرنے اسکوٹی کوٹکرماردی،جسکے نتیجے میں  18سالہ مونس شبیرکی موت واقع ہوئی۔ میت کوآبائی گھرواقع گابرپورہ پہنچایا گیا تووہاں کہرام مچ گیا۔ ادھر بٹوت میں ٹاٹا موبائل کا ڈرائیور اور ساتھی دو ٹرکوں کے درمیان آجانے سے لقمہ اجل بن گئے ۔یہ حادثہ اتوار کی شام  پیش آیا جس دوران دونوں کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی ۔عینی شاہدین نے بتایاکہ ٹاٹا موبائل زیر نمبرJK14C-6824رام بن سے بٹوت کی طرف جارہی تھی جو ایک ٹرک سے سبقت لینے کے دوران سامنے سے آرہے دو ٹرکوں کے بیچ آگئی جس کے نتیجہ میں گاڑی پنجر پنجر ہوگئی اور موقعہ پر ہی ڈرائیور اور اس کے ساتھی کی موت ہوئی ۔مہلوکین کی شناخت 23سالہ عثمان فاروق ولد فاروق احمد لون ساکن رکھ جروگ بٹوت اور25سالہ بشارت احمد ولد خورشید احمد ساکن گمل ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے ۔حادثہ رونماہوتے ہی دونوں ٹرکوں زیر نمبرات PB06G-5181اورPB25R-4815کے ڈرائیور موقعہ سے فرار کرگئے تاہم بعد میں ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیاگیا۔دریں اثناء ایک ٹرک کے ہیلپر کو اپنے ہی ٹرک نے کچل کر ہلاک کردیا۔یہ حادثہ رام بن کے مہار علاقے میں اتوار کی صبح پیش آیا۔مہلوک کی شناخت 45سالہ چرنجیت سنگھ ولد مکھن سنگھ ساکن دھرمکوٹ تحصیل بیر بابا نانک ضلع گرداس پور پنجاب کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹرک زیر نمبرPB02CC-9035کاہیلپر گاڑی کے نیچے تھا جس دوران وہ اسی ٹرک کے نیچے آکر ہلاک ہوا۔