تازہ ترین

قمرواری کی اندرونی سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہہ

لوگوں کو سخت مشکلات درپیش، میگڈم بچھانے کی مانگ

21 جولائی 2019 (29 : 11 PM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// قمر واری کی اندرونی سڑکوں کی ناگفتہ بہہ حالت سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لوگوںنے سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔قمرواری کے توحید آباد سمیت متعددعلاقوں کے لوگوں کاکہنا ہے کہ علاقے کی اندرونی سڑکوں کی حالت بہت خستہ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مقامی لوگوں کو یہ بھی یاد نہیں کہ آخری وقت کب ان سڑکوں پر تار کول بچھایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے بیچ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جس میں بارشوں کا پانی جمع ہونے کے نتیجے میں جہاں موسم سرما میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،وہی موسم گرما میں گرد و غبار سے نواحی علاقوں کے لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت میں بھی کافی مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ خستہ حال سڑکوں کے بارے میں کئی بار انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کو بھی آگاہ کیا گیا تاہم یقین دہانیوں کے علاوہ زمینی سطح پر کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا۔انہوں نے گورنر انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کے مشیر سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان سڑکوں کی مرمت کیلئے موزوں موسم ہے۔