تازہ ترین

پنچایت سواڑی کوٹ اے کا پل گرنے کی دہلیز پر

مقامی لوگوں نے محکمہ پر فنڈز میں خرد برد کا الزام عائد کیا

22 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

محمد بشارت
 
کوٹرنکہ //محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے کوٹرنکہ کی سواڑی کوٹ پنچایت اے میں تعمیر کردہ پل 15ماہ کے اندر ہی گرنے کی دہلیز پر پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ پنچایت اور گائوں کو رابطہ دیگر علا قہ جات سے منقطع ہو نے کا امکان ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی جانب سے مبینہ طورپر فنڈز ہڑپنے کیلئے پل کی تعمیر میں غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پل تعمیر کے 15ماہ کے اندر ہی گرنے کی دہلیز پر پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ عام راہگیروں ،مریضوں ،سکولی بچوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔مقامی سرپنچ راجیش کمار نے بتایا کہ پل کی ایک جانب سے تعمیر ات گرنے کی وجہ سے عام راہگیروں کے علا و ہ سکولی بچوں کو اپنی جان جوکھم میں ڈال کر پل عبور کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ نے عوام کو بیوقوف بناتے ہوئے پل کی تعمیر میں غیر معیاری مٹریل استعمال کیا جس کی وجہ سے بہت کم وقت کے اندر ہی پل کی ایک جانب سے تعمیر دیوار گرنا شروع ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پل کی تعمیر کے دوران فنڈز کی خرد برد کے سلسلہ میں تحقیقات کروائیں اور اس سلسلہ میں ویجی لینس کی ایک ٹیم کو موقعہ پر بھیج کر پل کا معائینہ کروائیں جبکہ غیر قانون کاموں میں ملوث ملازمین کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر بدھل نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرئے گی ۔