تازہ ترین

مزید خبریں

22 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

مہور میں درجنوں گاؤں برقی رو سے محروم

زاہد ملک
 
مہور//سب ڈویژن مہور کے دور دراز علاقہ جات میں اس دور میں بھی درجنوں گاؤں بجلی جیسی سہولیات سے محروم ہیں۔اگرچہ جموں کشمیر کو سوبھاگیہ سکیم کے تحت صد فیصد بجلی فراہم کرنے کیلئے ایوارڈ سے نوازہ گیا مگر سب ڈویژن مہور کے کئی ایک گاؤں ابھی بھی بجلی کا بلب دیکھنے کیلئے ترس رہے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ اس ڈیجیٹل دور میں بجلی کی غیر موجودگی میں کوئی بھی کام کرنا ممکن نہیں لیکن وہ لوگ ابھی بھی قدیم انسانوں کی طرح روایتی طور سے گھروں میں موم بتیاں جلا کر روشنی کا بندوبست کرتے ہیں۔سب ڈویژن مہور کے دیول بٹ پورہ،گلابگڑھ،دیول ڈوگاہ،کیدورہ،نہوچ،شبراس،اڑبیس،بگوداس وغیرہ علاقہ جات میں ابھی تک بجلی فراہم نہیں کی گئی۔لوگوں کے مطابق اگرچہ گزشتہ سال محکمہ بجلی کی جانب سے بجلی لگانے کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن کئی ایک گاؤں میں بجلی کا کام ادھورا چھوڑ دیاگیا۔دیول ڈوگا کے ایک معزز شہری مشتاق احمد چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ علاقہ میں اگرچہ محکمہ کی جانب سے کھمبے لگانے کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن گزشتہ 4 مہینے سے کام بند پڑا ہے۔انہوں نے بتایاکہ اگرچہ انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران کو اپنی مشکلات کے بارے میں آگاہی دی لیکن جھوٹی یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔علاقہ کے لوگوں نے شکایت کی کہ انہیں موبائل چارج کرنے کیلئے بھی دوسرے گاؤں میں جانا پڑتا ہے اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے وہ پورے ملک سے کٹ گئے ہیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کی کہ جلد سے جلد علاقہ جات میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ۔
 

ضلع کانگریس کمیٹی کشتواڑ کی شیلا دکشت کے انتقال پر تعزیت

کشتواڑ//ضلع کانگریس کمیٹی کشتواڑ نے دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔اس سلسلے میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس دوران شرکا نے کہا کہ شیلا دکشت دہلی کی 15سال تک وزیر اعلیٰ رہیں ،ان کے دور میں دہلی کے کئی اہم ترقیاتی منصووں پر کام ہوا ۔تعزیتی میٹنگ میںدو منٹ کیلئے خاموشی بھی اختیار کی گئی۔اس موقعہ پر جن شرکاء نے تعزیت کی ان میں مہندر سنگھ پریہار،غلام حیدر شیخ،محمد اسلم ملک،فردوس منگنو ،نور حسین ،عبدالطیف چوبدار،رندیپ بھنڈاری،آصف نقیب ،روی شان،جی ایم گنائی،حاجی غلام حسن میر ،نذیر احمد ،ظفر احمدڈولوال،وسیم مکڑ،نوید کچلو،عثمان باغوان،ارجن رانا، سجاد حسین،سنجیت کوتوال،محمد سکندر،منوج کوتوال،اعجاز حمال،شکیل احمد دیو اور دیگر ان شامل ہیں ۔
 
 

پی ڈی پی لیڈر کیخلاف ایف آئی آر کی مذمت

ڈوڈہ //پی ڈی پی کے اندروال کے لیڈر طالب حسین نے پارٹی کے سابق ممبرقانون ساز کونسل فردوس احمد ٹاک اور سینئر رکن واصل ڈولوال کے خلاف کیس درج کرنے کی مذمت کی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں طالب حسین نے کہاکہ اس طرح کے سخت اقدامات دانستہ طور پر عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشتواڑ میں ووٹ بنک سیاست کی جارہی ہے اور اسی لئے یہ سب اقدامات ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سیاست کا سلسلہ ختم ہوناچاہئے اور ہر ایک طبقہ کے ساتھ منصفانہ طورپر پیش آیاجائے ۔