تازہ ترین

بھارت حقیقت کو تسلیم کرہی لے | وزیردفاع کے بیان پر گیلانی کا رد عمل

21 جولائی 2019 (29 : 11 PM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر// حریت(گ)چیرمین سید علی گیلانی نے بھارت کے وزیر دفاع کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے بھارت کے اٹوٹ انگ کے غبارے سے خود ہی ہوا نکل گئی۔ حل تنازعات کا نکالا جاتا ہے اور بھارتی حکمرانوں کی طرف سے ریاست جموں کشمیر کو ’’اٹوٹ انگ‘‘ قرار دینے کے باوجود اس کے حل کی باتیں ہورہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جو مسائل حل طلب ہوں، متنازعہ ہوں حل اُن ہی کا نکالا جاتا ہے۔ ’’دیر آید درست آید‘‘ بھارتی حکمران غیر شعوری طور ہی سہی حقائق کو تسلیم کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔گیلانی نے  وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے اس بیان کہ ’’ہم خود ہی جموں کشمیر تنازعہ حل کریں گے‘‘کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کے ساتھ کروڑوں انسانوں کی زندگیاں وابستہ ہیں، نئی نسل کے مستقبل کا دارومدار ہے، اس کے حل کے لیے قربانیوں کی ایک طویل اور خونین داستان ہے۔ انہوں نے کہاکہ روز روشن کی طرح عیاں اور ہمالیہ جیسی نمایاں حقیقت بھلا طاقت، غرور اور تکبر کے مصنوعی پردوں میں کیسے چھپ سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ دھائیوں کا طویل عرصہ، اس دوران ہر طرف سے اس کے حل کی حمایت میں اٹھنے والی صدائیں اور یہاں کے مکینوں کی بے مثال قربانیاں اس مسئلہ کو زندہ رکھنے کے لیے کافی ہیں۔گیلانی نے وزیر موصوف کی طرف سے مذاکرات کی دعوت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی یہ دیرینہ عادت ہے کہ وہ اپنے جھوٹ کو اتنی بار اور اتنی ڈھٹائی سے دہراتے ہیں کہ سننے والا اس کو سچ سمجھنے پر خود کو مجبور پاتا ہے۔ بحیثیت وزیر داخلہ موصوف کے اخباری بیانات اور ویڈیو ریکارڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے کبھی بھی آزادی پسند قیادت کو مذاکرات کی پیشکش نہیں کی ۔انہوں نے بھارت کومشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب اگر آپ بھی ہماری طرح ہی مسئلہ کشمیر کو تسلیم کرتے ہیں، اس کو حل کرنے کی باتیں کرتے ہیں تو بہتری اسی میں ہے کہ اس مسئلہ کو اس کے اپنے تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کریں، جس کا آپ نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں سے وعدہ کیا ہے، تاکہ برصغیر ہندوپاک کو ہی نہیں، بلکہ پوری دنیا کو امن وسکون میسر ہوسکے اور خود بھارت اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرکے اپنے غریب عوام کی زندگی بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کرسکیں۔
 
 
 

گیلانی رو بہ صحت حریت گ

سرینگر//حریت (گ)نے تنظیم کے چیرمین سید علی گیلانی کی صحت کے حوالے سے عوام میں پیدا شدہ فکروتشویش کے حوالے سے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ گیلانی صاحب پچھلے کئی دنوں سے سخت علیل تھے، لیکن اللہ کے فضل وکرم اور عوام کی نیک دعاؤں کے طفیل وہ تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں۔