تازہ ترین

محکمہ وائلڈ لائف میں عملے کی کمی | شمالی کشمیر میں فقط 60 ملازم تعینات

مال مویشیوں کے علاوہ انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق

21 جولائی 2019 (29 : 11 PM)   
(      )

فیاض بخاری
بارہمولہ//شمالی کشمیر میں محکمہ وائلڈ لائف میں عملے کی کمی کی وجہ سے ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ہے ۔اس کے علاوہ عملے کی کمی کی وجہ سے مال موشیوں کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کو بھی کافی خطرہ لاحق ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی اعلیٰ فسران گہری نیند میں سوئے ہوئے ہیں ۔ شمالی کشمیر کے تین اضلاع جن میں بارہمولہ ،بانڈی پورہ اور کپوارہ شامل ہیں میںاس وقت صرف 60 ملازمین کام کرتے ہیں جو نہ ہونے کی برابر ہے جس سے جنگلی جانوروں کو بستیوں کی طرف رخ کرنا آسان ہوجاتا ہے اور لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان اضلاع کے بیشتر علاقے جن میں اوڑی ،ہندوارہ ،کپوارہ ،کرنا ،کیرن ،گلمرگ ، گریز ،بونیار کے علاوہ کئی علاقے جنگلات کے بالکل قریب ہیں اور اپنے آپ کو وہ غیر محفوظ تصور کرتے ہیں کیونکہ ان علاقوں میں آج تک جنگلی جانوروں نے کافی نقصان کیا ہے جس سے لوگوں میں کافی خوف پایا جارہا ہے ۔محکمہ کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا ہے کہ اوڑی، ٹنگمرگ ،کرنا اور گریز علاقوں سے روز انہ ہمیں 20 سے 30  فون کالز موصول ہوتے ہیں جن کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ ہر علاقے میں ہمارے سب اسٹیشنز موجود ہیں تاہم ہر ایک اسٹیشن پر محض دو ملازمین ہی تعینات ہیں جس سے جنگلی جانوروں کو بستیوں کی طرف آنے سے روکا نہیں جاسکتا ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ محکمہ میں گاڑیوں کی بھی کافی کمی ہے جس سے وہ ہر جگہ نہیں پہنچ پاتے ہیں اور ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ کے پاس اس وقت کم سے کم 10 گاڑیاں اور 500 ملازمین ہونے چاہئیں تاہم بدقسمتی سے کئی سالوں سے اس محکمہ میں بھرتی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے اور ہر ماہ میںد و سے تین ملازمین ریٹائرہوجاتے ہیں جس سے ملازمین پر کافی دباو بڑھ جاتا ہے اور لوگ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم مزید واقعات کیسے روک سکتے ہیں۔یہ بات قبل ذکر ہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران کنڈی بارہمولہ ، اوڑی اور کپوارہ میں جنگلی جانوروں نے کئی افراد کو زخمی کردیا ہے ۔